
پاکستان کو آئی ایم ایف سے 1.2 ارب ڈالر موصول،مجموعی طور پر 3.3 ارب ڈالر مل چکے
اردو انٹرنیشنل (مانیٹرنگ ڈیسک) ڈان نیوز کے مطابق اسٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) نے جمعرات کو کہا کہ اسے بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) سے 1.2 ارب ڈالر موصول ہوگئے ہیں،یہ رقم پاکستان کے قرضہ پروگراموں کے جائزے کی منظوری کے بعد جاری کی گئی ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں مرکزی بینک نے بتایا کہ عالمی مالیاتی ادارے کے ایگزیکٹو بورڈ نے واشنگٹن میں رواں ہفتے ہونے والے اجلاس میں توسیعی فنڈ سہولت (ای ایف ایف) کے دوسرے اور لچک و پائیداری سہولت (آر ایس ایف) کے پہلے جائزے کو مکمل کیا۔
بیان کے مطابق اسی کے تحت 10 دسمبر 2025 کو ایس بی پی کو آئی ایم ایف سے 914 ملین ایس ڈی آرز (تقریباً 1.2 ارب ڈالر) موصول ہوئے ہیں۔
مرکزی بینک نے مزید کہا کہ یہ رقم ہفتہ ختم ہونے پر 12 دسمبر تک کے زرمبادلہ کے ذخائر میں ظاہر ہوگی۔
اس سے قبل ہفتے کے آغاز میں فنڈ نے پاکستان کے لیے 1.2 ارب ڈالر کی نئی قسط کی منظوری دی تھی، جو دوہری راہ داری بیل آؤٹ 37 ماہ کے ای ایف ایف اور موسمیاتی توجہ کے حامل آر ایس ایف کے تحت جاری کی گئی۔
اس قسط کے بعد، ای ایف ایف اور آر ایس ایف کے تحت پاکستان کو مجموعی طور پر تقریباً 3.3 ارب ڈالر کی رقم جاری کی جاچکی ہے، جو معاشی استحکام اور طویل مدتی اصلاحات، خصوصاً ماحولیاتی لچک میں بہتری، کی معاونت کرتی ہے۔
ایگزیکٹو بورڈ کے اجلاس کے بعد جاری ہونے والے بیان میں آئی ایم ایف نے کہا کہ پاکستان کے مضبوط پروگرام پر عملدرآمد نے، حالیہ تباہ کن سیلابوں کے باوجود، معاشی استحکام برقرار رکھا اور مالیاتی و بیرونی صورتحال کو بہتر کیا ہے۔
عالمی ادارے نے زور دیا کہ پاکستان کی ترجیحات کا مرکز اب بھی معاشی استحکام برقرار رکھنا اور ایسی اصلاحات کو آگے بڑھانا ہے جو عوامی مالیات کو مضبوط کریں، مقابلے کی فضا بہتر بنائیں، پیداواری صلاحیت اور مسابقت بڑھائیں، سماجی تحفظ اور انسانی وسائل کو مضبوط کریں، سرکاری اداروں (ایس او ای ایس) کی اصلاحات آگے بڑھائیں اور عوامی خدمات کی فراہمی اور توانائی شعبے کی کارکردگی بہتر بنائیں۔
بورڈ نے توجہ دلائی کہ پاکستان کی مالی کارکردگی مضبوط رہی، اور مالی سال 2025 میں بنیادی سرپلس جی ڈی پی کے 1.3 فیصد تک پہنچا جو پروگرام کے اہداف کے مطابق ہے۔ مالی سال کے اختتام پر پاکستان کے مجموعی زرمبادلہ ذخائر 14.5 ارب ڈالر تک پہنچ گئے، جو ایک سال قبل 9.4 ارب ڈالر تھے، اور توقع ہے کہ مالی سال 2026 سمیت آئندہ چند برسوں میں یہ مزید بہتر ہوں گے۔ بورڈ نے یہ بھی نوٹ کیا کہ مہنگائی میں اضافہ ہوا ہے جو سیلاب کی وجہ سے غذائی اجناس کی قیمتوں پر پڑنے والے اثرات کا نتیجہ ہے، تاہم یہ اضافہ عارضی سمجھا جاتا ہے۔
بیان میں آئی ایم ایف کے ڈپٹی مینیجنگ ڈائریکٹر اور قائم مقام چیئرمین نائیجل کلارک کا حوالہ دیتے ہوئے کہا گیا کہ “غیر یقینی عالمی ماحول میں پاکستان کو احتیاطی پالیسیوں پر عمل جاری رکھنا ہوگا تاکہ معاشی استحکام کو مزید مضبوط کیا جا سکے، اور وہ اصلاحات تیز کی جاسکیں جو مضبوط، نجی شعبے کی قیادت میں، اور پائیدار درمیانی مدت کی ترقی کے لیے ضروری ہیں۔”
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ محصولات بڑھانے کے لیے ٹیکس پالیسی کو سادہ اور ٹیکس بیس کو وسیع کرنا بنیادی اہمیت رکھتا ہے تاکہ مالی استحکام حاصل کیا جاسکے اور ماحولیاتی لچک، سماجی تحفظ، انسانی وسائل کی بہتری اور عوامی سرمایہ کاری کے لیے مالی گنجائش پیدا کی جاسکے۔
کلارک نے یہ بھی کہا کہ توانائی کے شعبے میں اصلاحات اس کی پائیداری اور پاکستان کی مسابقت بڑھانے کے لیے نہایت اہم ہیں۔انہوں نے بتایا کہ بروقت بجلی ٹیرف میں ایڈجسٹمنٹ سے گردشی قرضے کے حجم اور بہاؤ میں کمی آئی ہے، تاہم انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ آئندہ اقدامات کا ہدف بجلی کی پیداوار اور تقسیم کے اخراجات میں پائیدار کمی اور بجلی و گیس کے شعبوں میں موجود غیر موثریتوں کو دور کرنا ہونا چاہیے۔
دریں اثنا، آئی ایم ایف کی تازہ ترین پیش گوئیوں کے مطابق پاکستان کے معاشی انہدام کے فوری خطرات میں کمی آئی ہے، تاہم ملک اب بھی ایک محدود استحکام کی راہ پر ہے جس کی خصوصیات کمزور معاشی ترقی، بھاری قرض کا بوجھ اور گھریلو صارفین کے لیے کم ریلف ہیں۔



