
Pakistan Olympic Association forms two important committees for the improvement of sports
اردو انٹرنیشنل (اسپورٹس ویب ڈیسک) تفصیلات کے مطابق پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن (پی او اے) نے کھیلوں کی گورننس اور کھلاڑیوں کے مسائل کو حل کرنے کے لیے ڈسپلنری کمیٹی اور اسپورٹس کمیشن کے نام سے دو اہم کمیٹیاں تشکیل دی ہیں ۔ یہ فیصلہ پی او اے کے صدر عارف سعید کی منظوری سے کیا گیا۔
ڈسپلنری کمیٹی کی سربراہی لیفٹیننٹ کرنل نبیل احمد رانا کریں گے، جو آرمی اسپورٹس بورڈ کے سیکرٹری ہیں۔ کمیٹی کا مقصد کھلاڑیوں کے مسائل حل کرنا اور نظم و ضبط کو یقینی بنانا ہے۔ اس کے علاوہ ڈسپلنری کمیٹی کھلاڑیوں کے مسائل اور نظم و ضبط کو ایک منظم فریم ورک کے تحت حل کرے گی۔
کمیٹی کے دیگر اہم ممبران میں پرویز احمد (جمناسٹک فیڈریشن) ،نزہت جبین (ویٹ لفٹنگ فیڈریشن) ، اعجاز علی (ٹیبل ٹینس فیڈریشن) ، پروفیسر احمد بلال (فینسنگ فیڈریشن) ، سہیل احمد خان (بلوچستان اولمپک ایسوسی ایشن) ، حیدر عثمان ایڈووکیٹ اور ایم عمران شامل ہیں ۔
جبکہ اسپورٹس کمیشن کی سربراہی بریگیڈیئر مجتبیٰ حیدر کریں گے، جو آرمی اسپورٹس ڈائریکٹوریٹ کے ڈائریکٹر ہیں۔ یہ کمیشن کھیلوں کی ترقی اور گورننس کو بہتر بنانے پر کام کرے گا۔ اسپورٹس کمیشن کے دیگر ممبران میں رضوان الحق رازی (روئنگ فیڈریشن) ، فوزی خواجہ (رگبی یونین) ، احمد علی راجپوت (جمناسٹک فیڈریشن) ، ایم عمیر اسلم ملک (واپڈا اسپورٹس) ، طارق پرویز (باڈی بلڈنگ فیڈریشن) ، ڈاکٹر شمسہ ہاشمی (والی بال فیڈریشن) ، رانا امجد اقبال (ایچ ای سی) اور عمران احمد شامل ہیں ۔ اسپورٹس کمیشن کا مقصد کھیلوں کی گورننس کو بین الاقوامی معیار کے مطابق بنانے پر توجہ دے گا۔
پی او اے کی جانب سے یہ اقدامات پاکستان میں کھیلوں کی ترقی اور کھلاڑیوں کے مسائل کے منصفانہ حل کی جانب ایک بڑا قدم ہیں۔