Pakistan cricket team's tour of Bangladesh likely to be disrupted-BCB
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے گیارہویں ایڈیشن کے باعث پاکستان کرکٹ ٹیم کے آئندہ دورۂ بنگلا دیش میں رد و بدل متوقع ہے۔
فیوچر ٹور پروگرام (ایف ٹی پی) کے تحت پاکستان نے مارچ اور اپریل میں بنگلا دیش کا دورہ کرنا ہے، جس میں تین ون ڈے، تین ٹی ٹوئنٹی اور دو ٹیسٹ میچز شامل ہیں ٹیسٹ میچز آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کا حصہ ہوں گے۔
چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی نے پی ایس ایل 11 کی تاریخوں کا اعلان کرتے ہوئے بتایا ہے کہ ایونٹ 26 مارچ سے 3 مئی تک جاری رہے گا، جس کے باعث بنگلا دیش کے خلاف سیریز کو ری شیڈول کیا جائے گا۔
ذرائع بنگلا دیش کرکٹ بورڈ کے مطابق دونوں بورڈز کے درمیان مشاورت جاری ہے اور میچز کی تعداد میں کسی قسم کی کمی نہیں کی جائے گی۔
بی سی بی ذرائع کا کہنا ہے کہ ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے دو ٹیسٹ میچز کے لیے جلد مناسب ونڈو کا اعلان کیا جائے گا، جبکہ وائٹ بال سیریز کے ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی میچز کی تاریخوں میں رد و بدل ممکن ہے باضابطہ اعلان مشاورت کے بعد متوقع ہے۔




