اردو انٹرنیشنل (اسپورٹس ویب ڈیسک) تفصیلات کے مطابق پاکستان کبڈی فیڈریشن کے زیر اہتمام قومی سینئر ویمن اور بوائز انڈر17 ایشین سٹائل کبڈی ٹیموں کے چناؤ کے سلسلے میں ایک روزہ اوپن ٹرائلز 12 جنوری کو پاکستان سپورٹس کمپلیکس (حمیدی ہال)، اسلام آباد میں صبح 9 بجے شروع ہونگے۔
گزشتہ روز پاکستان کبڈی فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل محمد سرور رانا نے بتایا کہ پاکستان کبڈی فیڈریشن کے صدر اور صوبائی وزیر پنجاب چوہدری شافع حسین کی ہدایت کے مطابق بین الاقوامی سطح پر ٹورنامنٹس میں شرکت کے لئے مضبوط ٹیمیں تیار کی جائیں گی اور کھلاڑیوں کا انتخاب میرٹ کی بنیاد پر کیا جائے گا۔
منتخب ٹیموں کے کھلاڑی بین الاقوامی سطح پر ٹورنامنٹس میں حصہ لیں گے۔ انہوں نے کہا کہ قومی سینئر ویمن(75 کلوگرام) ٹیم دوسرے سینئر ویمن ورلڈ کبڈی کپ میں حصہ لے گی یہ کبڈی ورلڈ کپ 5 سے 15 مارچ تک بھارت میں کھیلا جائے گا جس میں دنیا بھر سے ٹیمیں حصہ لیں گی جبکہ بوائز انڈر17 (75 کلوگرام) ٹیم ایشین یوتھ گیمز میں حصہ لے گی۔
یہ گیمز رواں سال 22 سے 31 اکتوبر تک بحرین میں کھیلی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ کھلاڑی ٹرائلز کے وقت اپنے ہمراہ دو عدد پاسپورٹ سائز فوٹو بمعہ اصل شناختی کارڈ یا نادرا “ب” فارم لائیں. انہوں نے کہا کہ ٹرائلز کے سلسلے میں پاکستان کبڈی فیڈریشن سے منسلک تمام ڈیپارٹمنٹس، صوبائی اور ریجنل ایسوسی ایشنز کو ہدایات جاری کر دی گئیں ہیں۔