One ticket, complete journey: PIA introduces ‘air-to-rail’ network in Canada and UK
اردو انٹرنیشنل (مانیٹرنگ ڈیسک) جیو نیوز نے رپورٹ کیا ہے کہ پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز نے کینیڈا اور برطانیہ کی معروف ریلوے سروسز کے ساتھ شراکت داری کرتے ہوئے مسافروں کے لیے “ایئر ٹو ریل” سفر کی نئی سہولت متعارف کرا دی ہے، جس کے تحت اب مسافر ایک ہی ٹکٹ پر ہوائی سفر کے بعد ٹرین کے ذریعے اپنی آخری منزل تک پہنچ سکیں گے۔
قومی ایئرلائن کے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق، ٹورنٹو پہنچنے والے مسافر کینیڈا کے آٹھ بڑے شہروں تک ریل کے ذریعے سفر کر سکیں گے، جبکہ لندن اور مانچسٹر آنے والے مسافروں کو برطانیہ کے 50 سے زائد شہروں تک ٹرین کے ذریعے رسائی حاصل ہوگی۔ اس اقدام کا مقصد مسافروں کو علیحدہ ریل ٹکٹ خریدنے کی جھنجھٹ سے نجات دینا اور سفر کو زیادہ آسان بنانا ہے۔
پی آیٔ اے کے ترجمان کے مطابق، “نئے انتظام کے تحت مسافر ہوائی اور ریل کا سفر ایک ہی ٹکٹ پر مکمل کر سکیں گے، جس سے وقت اور لاگت دونوں میں بچت ممکن ہو گی۔” ترجمان نے مزید بتایا کہ ریل ٹکٹوں کی بکنگ پی آیٔ اے کے دفاتر، رجسٹرڈ ٹریول ایجنٹس، سرکاری ویب سائٹ اور موبائل ایپ کے ذریعے کی جا سکے گی۔
واضح رہے کہ پی آیٔ اے نے گزشتہ سال اکتوبر میں برطانیہ کے لیے فلائٹ آپریشن دوبارہ شروع کیے تھے، جو جعلی پائلٹ لائسنس اسکینڈل کے باعث پانچ سال سے زائد عرصے تک معطل رہے۔ اس پابندی کے دوران قومی ایئرلائن کو سالانہ تقریباً 40 ارب روپے، یعنی 144 ملین ڈالر تک کے مالی نقصان کا سامنا رہا۔
مزید پڑھیں : ٹرمپ کی کھلی دھمکی، ایران کا بھرپور جواب: جنگ کے لیے تیار ہیں
دسمبر 2025 میں پی آیٔ اے کی نجکاری کے عمل کے دوران آریف حبیب کارپوریشن لمیٹڈ کی قیادت میں قائم کنسورشیم نے 135 ارب روپے کی بلند ترین بولی دے کر ایئرلائن کے 75 فیصد حصص حاصل کیے۔ یہ نجکاری کی دوسری کوشش تھی، جو اس بار یورپی یونین اور برطانیہ کی پروازوں پر عائد پابندیوں کے خاتمے کے بعد بہتر آپریشنل حالات کے باعث کامیاب ہوئی۔
ماہرین کے مطابق، “ایئر ٹو ریل” جیسی سہولیات نہ صرف مسافروں کے لیے سفر کو سہل بنائیں گی بلکہ پی آیٔ اے کی بین الاقوامی ساکھ، مارکیٹ ویلیو اور نجی سرمایہ کاروں کے اعتماد میں بھی اضافہ کریں گی۔





