اردو انٹرنیشنل (اسپورٹس ویب ڈیسک) تفصیلات کے مطابق نائجیریا کے اسٹار فٹبالر ایڈیمولا لک مان نے مراکش میں کنفیڈریشن آف افریقن فٹ بال (سی اے ایف) ایوارڈز 2024 میں افریقی فٹ بالر آف دی ایئر کا ایوارڈ جیت لیا۔
ایڈیمولا لک مان، جو اطالوی کلب اٹلانٹا کے لیے فارورڈ کے طور پر کھیلتے ہیں، نے اس ایوارڈ کے لیے سخت مقابلے کا سامنا کیا اور وہ دیگر نامور کھلاڑیوں جن میں آئیوری کوسٹ کے سائمن ایڈنگرا، گنی کے سرہاؤ گیراسی، مراکش کے اشرف حکیمی اور جنوبی افریقہ کے رون وین ولیمز شامل تھے، شکست دینے میں کامیاب رہے اور وہ 2023 کے فاتح وکٹر اوسیمن کے بعد یہ ایوارڈ جیتنے والے مسلسل دوسرے نائجیریائی کھلاڑی بن گئے ہیں۔
دوسری جانب، خواتین فٹبالر آف دی ایئر کا ایوارڈ زامبیا کی باربرا بندا نے جیتا۔ وہ یہ اعزاز حاصل کرنے والی زامبیا کی پہلی خاتون کھلاڑی بن گئیں۔ باربرا نے مراکش کی ثنا مسود اور نائجیریا کی چیاماکا نانادوزی کو پیچھے چھوڑتے ہوئے یہ تاریخی کامیابی حاصل کی۔
ایوارڈ کے فاتحین کا انتخاب ماہرین کے ایک پینل کے ذریعے کیا گیا۔ اس پینل میں (سی اے ایف) کی ٹیکنیکل کمیٹی کے اراکین، افریقی میڈیا کے ماہرین، کھلاڑی، اور کوچز شامل تھے، جو تمام امیدواروں کی کارکردگی اور اہلیت کا جائزہ لینے کے بعد فیصلہ کرتے ہیں۔