اردو انٹرنیشنل (اسپورٹس ویب ڈیسک) تفصیلات کے مطابق اسپین نے نیشنز لیگ کے ایک میچ میں ڈنمارک کو شکست دے کر نیشنز لیگ کے گروپ 4 اے میں ٹاپ پوزیشن حاصل کر لی۔
یورپی چیمپئن اسپین پہلے ہی کوارٹر فائنل میں پہنچ چکا تھا، لیکن گروپ کے فاتح بننے کے لیے ڈنمارک کو ہرانا ضروری تھا۔ یہ میچ کوپن ہیگن کے پارکن اسٹیڈیم میں ہوا، جہاں اسپین نے بہترین کھیل کا مظاہرہ کیا اور 2-1 سے فتح حاصل کی۔
میچ کا پہلا گول 15ویں منٹ میں اسپین کے میکل اویرزبال نے ایوز پیریز کے پاس کو گول میں تبدیل کرتے ہوئے کیا ۔ دوسرے ہاف میں، پیریز، جو پہلے نیوکیسل اور لیسٹر سٹی کے کھلاڑی رہ چکے ہیں، نے خود بھی ایک گول کیا۔
ڈنمارک کی جانب سے ایک گول گستاؤ ایزاکسن نے آخری لمحات میں کیا، جس سے ڈنمارک کو کچھ امید ملی، لیکن وہ برابر کا گول کرنے میں ناکام رہے اور میچ اسپین کی جیت کے ساتھ ختم ہوا۔
اس جیت کے ساتھ اسپین نے گروپ 4 اے میں ٹاپ پوزیشن حاصل کر لی جبکہ ڈنمارک اس وقت گروپ میں دوسرے نمبر پر ہے اور انہیں پیر کو سربیا کا سامنا کرنا ہوگا۔ اس میچ میں ٹاپ ٹو میں جگہ بنانے کے لیے مقابلہ ہوگا تاکہ ڈنمارک کو بھی کوارٹر فائنل میں جگہ مل سکے۔