اردو انٹرنیشنل (اسپورٹس ویب ڈیسک) تفصیلات کے مطابق قومی خواتین باسکٹ بال چیمپئن شپ کے فائنل میں آج واپڈا سپورٹس کمپلیکس لاہور میں دفاعی چیمپئن پاکستان واپڈا کا مقابلہ پاکستان آرمی سے ہوگا۔
واپڈا پوری چیمپئن شپ میں ناقابل شکست رہی اور پہلے سیمی فائنل میں لاہور پر حاوی رہتے ہوئے، 33-65 سے کامیابی حاصل کی۔ واپڈا کی سٹار کھلاڑی حجاب فاطمہ 24 پوائنٹس کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہیں اور کائنات ظفر بھی 13 پوائنٹس کے ساتھ نمایاں رہیں۔ لاہور کی جانب سے ایمن محمود نے 13 پوائنٹس بنائے۔ سیمی فائنل کی ذمہ داری ریفریز عمر محمود، گل جمال اور محبت شہزاد نے انجام دی۔
جبکہ دوسرے سیمی فائنل میں پاکستان آرمی نے کراچی کو 59-19 سے شکست دے کر فائنل میں جگہ بنائی۔ پاکستان آرمی کی جانب سے عائشہ دلشاد 20 پوائنٹس کے ساتھ نمایاں کھلاڑی رہیں جبکہ زوبیہ شہناز نے 10 پوائنٹس بنائے۔ دوسرے سیمی فائنل کے ریفری یاسر غفور، عدیل رضا اور ایم عمر تھے۔ تیسری پوزیشن کے لیے لاہور اور کراچی مدمقابل ہوں گے۔