اردو انٹرنیشنل (اسپورٹس ویب ڈیسک) تفصیلات کے مطابق فرانس کے فٹبالر اور قومی ٹیم کے کپتان کیلیان ایمباپے کو ان دنوں شائقین فٹبال کی جانب سے شدید تنقید کا سامنا ہے کیونکہ انہوں نے فرانس کی ٹیم کے لیے اسرائیل اور بیلجیئم کے خلاف نیشنز لیگ کے میچز میں شرکت نہیں کی، جبکہ وہ ریال میڈرڈ کے لیے کھیلنے کے لیے بالکل فٹ اور تیار تھے۔
ایمباپے نے پچھلے مہینے انجری کی شکایت کی تھی، لیکن وہ گزشتہ بدھ کو چیمپئنز لیگ کے میچ میں دوبارہ میدان میں اترے۔ فرانس کے کوچ دیدیئر دیشامپ نے ایمباپے کو اپنی ٹیم سے باہر رکھا اور جمعرات کو اسکواڈ کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ 25 سالہ ایمباپے نے حالیہ عرصے میں بہت کم میچ کھیلے ہیں اور ان کی تیاری مکمل نہیں ہے۔
ایمباپے کی صورت حال اس لیے بھی پیچیدہ ہے کیونکہ وہ پیرس سینٹ جرمین کے سابق کھلاڑی انتونی گریزمین کی جگہ قومی ٹیم کے کپتان بنے ہیں۔ گریزمین نے حال ہی میں بین الاقوامی فٹبال سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا ہے۔ گریزمین کی قومی ٹیم سے وابستگی پر کبھی شک نہیں کیا گیا کیونکہ انہوں نے 2017 سے 2024 تک مسلسل 84 میچز فرانس کے لیے کھیلے ہیں۔