اردو انٹرنیشنل (اسپورٹس ویب ڈیسک) تفصیلات کے مطا بق مانچسٹر سٹی نے لینز کے سینٹرل ڈیفنڈر عبدوقدیر خسانوف کے لیے 40 ملین یورو (33.6 ملین پاؤنڈ) کے معاہدے پر اتفاق کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق، اس معاہدے میں اضافی بونس کی ادائیگیاں بھی شامل ہیں، جبکہ کھلاڑی کا میڈیکل مکمل ہونے کے بعد معاہدے کی باضابطہ تصدیق کی جائے گی۔
سٹی کے منیجر پیپ گارڈیوولا نے حالیہ خراب کارکردگی کے بعد اپنی ٹیم کو بہتر بنانے کا عزم کیا ہے۔ دفاعی پریمیئر لیگ چیمپئنز اس وقت پوائنٹس ٹیبل میں چھٹے نمبر پر ہیں اور سہرفہرست لیورپول سے 12 پوائنٹس پیچھے ہیں۔
مانچسٹر سٹی برازیلین کلب پالمیراس کے نوجوان ڈیفنڈر وٹر ریس کے لیے بھی مذاکرات کر رہا ہے، تاہم کلب کے صدر کا کہنا ہے کہ وہ 18 سالہ کھلاڑی کو فروخت کرنے کے لیے تیار نہیں۔
مزید برآں، سٹی مصری فارورڈ عمر مارموش میں بھی دلچسپی رکھتا ہے، جو اس سیزن میں اینٹراچٹ فرینکفرٹ کے لیے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کر چکے ہیں۔
خسانوف مانچسٹر سٹی میں شمولیت کے بعد پریمیئر لیگ میں کھیلنے والے پہلے ازبکستانی کھلاڑی بن جائیں گے۔ یہ جنوری کی ٹرانسفر ونڈو میں سٹی کے پہلے اہم دستخط ہوں گے۔
مانچسٹر سٹی کو اس وقت انجریز کا سامنا ہے۔ روبن ڈیاس، جان اسٹونز، اور نیتھن آکے مختلف وجوہات کی بنا پر میچز نہیں کھیل رہے، جس کی وجہ سے گارڈیوولا کو ٹیم کی دفاعی لائن مضبوط کرنے کی ضرورت پیش آئی۔