اردو انٹرنیشنل (اسپورٹس ویب ڈیسک) تفصیلات کے مطابق ریال میڈرڈ نے لا لیگا میں اپنی شاندار فارم جاری رکھتے ہوئے لاس پالماس کو 4-1 سے شکست دی اور لیگ ٹیبل پر اپنی پوزیشن مزید مستحکم کر لی۔
میچ میں اسکورنگ کا آغاز لاس پالماس کی جانب سے ہوا، جب فابیو سلوا نے شاندار انداز میں گول کرکے ٹیم کو ابتدائی برتری دلائی۔ اس کے بعد ایمباپے نے پنالٹی کے ذریعے اسکور برابر کیا، جو سینڈرو رامیرز کی جانب سے روڈریگو پر فاول کے نتیجے میں ملی تھی اور پھر، برہیم ڈیاز نے لوکاس وازکوز کے بہترین پاس پر گول کرتے ہوئے میڈرڈ کو برتری دلائی۔ جبکہ ایمباپے نے مزید ایک شاندار گول کرتے ہوئے اسکور 3-1 کردیا اور یہ ان کا اس سیزن کا 12واں لیگ گول تھا۔ آخری گول میڈرڈ کی جانب سے راڈریگو نے فران گارشیا کے پاس پر کیا، جس سے میچ میں ریال میڈرڈ کا غلبہ مزید واضح ہو گیا۔
ہاف ٹائم کے بعد، لاس پالماس کے کھلاڑی بینیٹو رامیرز کو ویڈیو اسسٹنٹ ریفری کی مدد سے ریڈ کارڈ دکھایا گیا، جس کی وجہ سے مہمان ٹیم مزید دباؤ میں آ گئی۔
اس میچ میں ریال میڈرڈ کے تین گول آف سائیڈ کی بنیاد پر مسترد ہوئے، جن میں ایمباپے کا ممکنہ ہیٹ ٹرک گول بھی شامل تھا۔ جبکہ انگلینڈ کے مڈفیلڈر جوڈ بیلنگھم نے کئی مواقع ضائع کیے۔
ریال میڈرڈ اب بدھ کو چیمپئنز لیگ کے اہم میچ میں ریڈ بل سالزبرگ کی میزبانی کرے گا۔
ریال میڈرڈ اس فتح کے ساتھ اٹلیٹیکو میڈرڈ سے دو پوائنٹس زیادہ ہونے کے بعد لا لیگا ٹیبل میں سرفہرست پوزیشن پر آ گیا ہے۔