جے شاہ نے چیمپیئنز ٹرافی کے لیے بھارت کے پاکستان آنے پر خاموشی توڑ دی
اردوانٹرنیشنل(اسپورٹس ڈیسک) تفصیلات کے مطابق بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا (بی سی سی آئی) کے سکریٹری جے شاہ نے آخر کار آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کے لیے ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے پاکستان کے دورے کے امکان کے بارے میں بات کی ہے۔
آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 فروری سے مارچ تک پاکستان میں ہونے والی ہے تاہم، ٹورنامنٹ میں بھارت کی شرکت غیر یقینی ہے کیونکہ بی سی سی آئی نے ملک کے دورے کے لیے حکومت سے اجازت طلب کی ہے۔
ایک بھارتی خبر رساں ادارے کے ساتھ ایک حالیہ انٹرویو میں جے شاہ سے چیمپئنز ٹرافی 2025 کے لیے بھارت کے پاکستان آنے کے امکان کے بارے میں سوال کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ ابھی تک کوئی حتمی فیصلہ نہیں ہوا ہے اور زور دیا کہ بی سی سی آئی صورتحال کا جائزہ لے گا اور صحیح وقت پر فیصلہ کرے گا۔
جے شاہ نے کہا کہ ابھی تک کوئی موقف نہیں ہے جب وقت آئے گا تو ہم اسے دیکھ لیں گے.
یاد رہے، بھارتی میڈیا میں بی سی سی آئی کے ایک ذریعے کے حوالے سے خبریں سامنے آئی تھیں کہ بھارتی ٹیم آئندہ آئی سی سی ایونٹ کے لیے پاکستان کا دورہ نہیں کرے گی۔
مزید رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ بورڈ نے باضابطہ طور پر دبئی اور سری لنکا کو ہندوستان کے میچوں کی میزبانی کے ممکنہ مقامات کے طور پر تجویز کیا ہے۔