اردوانٹرنیشنل (اسپورٹس ڈیسک) تفصیلات کے مطابق ہندوستانی میڈیا نے پیر کو رپورٹ کیا کہ ہندوستان کے تیز گیند باز جسپریت بمراہ آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی سے قبل اپنی زخمی کمر کا اسکین کرانے کے لیے نیشنل کرکٹ اکیڈمی (این سی اے) پہنچے۔
تفصیلات کے مطابق، دائیں ہاتھ کے تیز گیند باز کم از کم دو سے تین دن تک این سی اے میں رہیں گے کیونکہ بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا (بی سی سی آئی) کی میڈیکل ٹیم ان کی انجری کی تشخیص کرے گی۔
ان کے قیام کے بعد، این سی اے کے ماہرین اپنے مشاہدات مردوں کی سینئر سلیکشن کمیٹی کو پیش کریں گے، جس کی صدارت اجیت اگرکر کر رہے ہیں۔
واضح رہے کہ بمراہ چیمپئنز ٹرافی 2025 کے لئے ہندوستان کے اسکواڈ کا حصہ ہیں لیکن ان کی کمر کی چوٹ، جو حالیہ پانچ میچوں کی سیریز کے آخری ٹیسٹ میں آسٹریلیا کے خلاف سامنے آئی تھی، نے ان کی شرکت کو مشکوک بنا دیا۔
جسپریت بمراہ کی چیمپئنز ٹرافی میں شرکت کا حتمی فیصلہ ٹورنامنٹ سے قبل ان کی فٹنس پر منحصر ہے لیکن اگر وہ بروقت صحت یاب نہیں ہوتے ہیں تو ان کی جگہ ہرشیت رانا کو ٹیم میں شامل کیے جانے کا امکان ہے۔