ایران کے صدارتی انتخابات:اصلاح پسند مسعود پزشکیان صدارتی انتخاب جیت گئے
اردو انٹرنیشنل (مانیٹرنگ ڈیسک) ایران میں صدارتی انتخابات کے دوسرے مرحلے میں اصلاح پسند امیدوار مسعود پزشکیان نے کامیابی حاصل کر لی ہے۔
امریکی خبر رساں ادارے اے پی کے مطابق قدامت پسند سعید جلیلی کو شکست دیتے ہوئے مسعود پزشکیان نے مغرب تک پہنچنے اور اسلامی جمہوریہ پر برسوں کی پابندیوں اور مظاہروں کے بعد ملک کے لازمی ہیڈ سکارف قانون میں نرمی پیدا کرنے کا وعدہ کرتے ہوئے کامیابی حاصل کی۔
مسعود پزشکیان نے اپنی انتخابی مہم میں ایران کی شیعہ حکومت میں کوئی بنیادی تبدیلی نہ لانے کا وعدہ کیا تھا۔
ذرائع کے مطابق مسعود پزشکیان نے صدارتی انتخاب میں ایک کروڑ 63 لاکھ سے زائد ووٹ حاصل کئے، ان کے مدمقابل سعید جلیلی میں ایک کروڑ 35لاکھ ووٹ لے سکے۔
انتخابات کے پہلے مرحلے میں کوئی امیدوار مطلوبہ اکثریت حاصل نہیں کرسکا تھا، رن آف الیکشن میں مسعود پزشکیان اور سعید جلیلی کے درمیان مقابلہ ہوا۔
واضح رہے کہ ابراہیم رئیسی 2021 میں صدر منتخب ہوئے تھے اور معمول کے شیڈول کے تحت صدارتی انتخاب 2025 میں ہونا تھا، تاہم ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کے ہیلی کاپٹر حادثے میں انتقال کے بعد صدارتی انتخابات قبل ازوقت منعقد ہورہے ہیں، حادثے میں وزیر خارجہ امیر حسین اور دیگر 6 ایرانی عہدیدار بھی جاں بحق ہوئے تھے۔