اردو انٹرنیشنل (اسپورٹس ڈیسک) تفصیلات کے مطابق کرک بز نے رپورٹ کیا ہے کہ بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا (بی سی سی آئی) کے ساتھ جاری مذاکرات کی وجہ سے سابق ہندوستانی بلے باز گوتم گمبھیر ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے اگلے ہیڈ کوچ بننے کے لیے تیار ہیں۔
گمبھیر نئے ہیڈ کوچ کے لیے ایک سرکردہ امیدوار کے طور پر ابھرے ہیں کیونکہ راہول ڈریوڈ، جو اس وقت مذکورہ عہدے پر فائز ہیں اور جن کی میعاد ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2024 کے ساتھ ختم ہو جائے گی ان کا کلیدی کردار کے لیے دوبارہ درخواست دینے کا امکان نہیں ہے۔
کرک بز کی رپورٹ سے پتہ چلتا ہے کہ بی سی سی آئی اور گوتم گمبھیر کے مذاکرات ہو رہے ہیں مختلف پہلوؤں پر بات چیت جاری ہے۔
اگرچہ ابھی تک کوئی باضابطہ تصدیق نہیں ہوئی ہے، امکان ہے کہ گمبھیر نے ہیڈ کوچ کے کردار کے لیے درخواست دی ہوگی جس کے لیے درخواست جمع کرانے کی آخری تاریخ 27 مئی تھی۔
واضح رہے کہ گمبھیر نے 2024 کے آئی پی ایل ایڈیشن میں کے کے آر کے مینٹور کے طور پر خدمات انجام دیں اور ٹیم کو ٹرافی جیتتے ہوئے دیکھا گیا اس سے قبل وہ 2012 اور 2014 میں بطور کپتان دو آئی پی ایل ٹائٹلز کے لیے فرنچائز کی قیادت کر چکے ہیں۔