اسپین:ریال میڈرڈ سٹار ونیسیئس جونیئر کے خلاف نفرت انگیز مہم کے الزام میں چار افراد گرفتار
اردو انٹرنیشنل ( اسپورٹس ڈیسک) اسپین میں پولیس نے ریال میڈرڈ کے سٹار ونیسیئس جونیئر کے خلاف آن لائن نفرت انگیز مہم چلانے کے شبے میں چار افراد کو گرفتار اور تفتیش کی ہے، جنہوں نے اٹلیٹیکو میڈرڈ کے مداحوں کو نسل پرستانہ رویے پر اکسانے کی کوشش کی تھی۔
پولیس کے مطابق، ان افراد کو 14 اور 15 اکتوبر کو حراست میں لیا گیا اور بعد میں رہا کر دیا گیا جبکہ سوشل میڈیا پر ایسے نعرے پوسٹ کرنے کے معاملے کی تحقیقات جاری ہیں، جن میں مداحوں کو ماسک پہن کر برازیلی کھلاڑی ونیسیئس جونیئر کو گالیاں دینے کی ترغیب دی گئی تاکہ ان کی شناخت نہ ہو سکے۔
پولیس کے مطابق، یہ پہلی گرفتاریاں تھیں جو اس مہم کے سلسلے میں ہوئیں، جس کا مقصد 24 سالہ برازیلی کھلاڑی کو نشانہ بنانا تھا ۔
یہ نفرت انگیز مہم 29 ستمبر کو میڈرڈ کے میٹروپولیٹانو اسٹیڈیم میں ہونے والے اٹلیٹیکو میڈرڈ اور ریال میڈرڈ کے درمیان میچ سے پہلے شروع ہوئی۔ اس مہم کا مقصد برازیلی کھلاڑی ونیسیئس جونیئر کو نشانہ بنانا تھا۔
ونیسیئس جونیئر کو مختلف میچوں کے دوران نسل پرستانہ رویے کا سامنا کرنا پڑا ہے۔
پچھلے سال انہوں نے اسپین کی پریمیئر فٹ بال لیگ، لا لیگا، اور خود اسپین کو نسل پرست قرار دیا تھا جب انہیں ویلنسیا کے میسٹالا اسٹیڈیم میں شائقین کی جانب سے توہین آمیز جملے سننے پڑے۔
ایک تاریخی کیس میں، جون میں تین ویلنسیا کے فٹ بال شائقین کو ونیسیئس جونیئر کے خلاف نفرت انگیز جرائم کے الزام میں آٹھ آٹھ ماہ قید کی سزا سنائی گئی تھی، جو اسپین میں کسی فٹ بال اسٹیڈیم میں نسل پرستانہ توہین پر دی جانے والی پہلی سزا ہے۔
پولیس نے بتایا کہ آن لائن مہم وائرل ہو گئی تھی جس نے “سماجی طور پر تشویش” پیدا کی۔ تحقیقات جاری ہیں اور مزید گرفتاریاں بھی ہو سکتی ہیں۔