اردو انٹرنیشنل(اسپورٹس ویب ڈیسک) تفصیلات کے مطابق فیفا نے تصدیق کر دی ہے کہ 2034 کے مردوں کے فٹ بال ورلڈ کپ کی میزبانی سعودی عرب کرے گا جبکہ 2030 کے ورلڈ کپ کی میزبانی مشترکہ طور پر اسپین، پرتگال، اور مراکش کے سپرد کی گئی ہے، اس ٹورنامنٹ کے تین ابتدائی میچز ارجنٹائن، پیراگوئے، اور یوراگوئے میں ہوں گے۔ یہ فیصلہ فٹ بال ورلڈ کپ کے 100 سال مکمل ہونے کی خوشی میں کیا گیا۔
فیصلہ فیفا کانگریس کے اجلاس میں ہوا، جس میں 211 رکن ممالک نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔ دونوں ورلڈ کپ کے میزبانوں کے فیصلے دو الگ الگ ووٹوں کے ذریعے کیے گئے۔ پہلے ووٹ میں صد سالہ جشن کے لیے یوراگوئے، پیراگوئے، اور ارجنٹائن کو میزبانی دی گئی، جبکہ دوسرے ووٹ میں اسپین، پرتگال، مراکش اور سعودی عرب کی میزبانی کی تصدیق کی گئی۔
انگلینڈ کے فٹ بال ایسوسی ایشن (ایدف اے) نے دونوں بولیوں کی حمایت کا اعلان کیا اور کہا کہ سعودی عرب کی جانب سے یہ یقین دہانی کرائی گئی ہے کہ ورلڈ کپ میں تمام شائقین کو محفوظ ماحول فراہم کیا جائے گا اور ان کا خیر مقدم کیا جائے گا۔ انگلش فٹبال ایسوسی ایشن نے کہا کہ دونوں میزبان ممالک کی بولیاں فیفا کے تمام معیار پر پورا اترتی ہیں۔ ناروے نے فیفا کے بولی کے عمل پر خدشات کی وجہ سے ووٹنگ میں حصہ نہیں لیا۔ تاہم، ان کا اعتراض سعودی عرب کی میزبانی پر نہیں تھا۔
سوئٹزرلینڈ اور ڈنمارک جیسے ممالک کی مشروط حمایت اور انسانی حقوق کی نگرانی کے مطالبے کے بعد یہ واضح ہے کہ 2034 کے ورلڈ کپ کی میزبانی سعودی عرب کے لیے ایک اہم موقع ہوگا۔ لیکن اس عمل کو عالمی معیارات کے مطابق صاف اور شفاف رکھنے کے لیے اقدامات کی ضرورت ہوگی۔