اردو انٹرنیشنل (مانیٹرنگ ڈیسک) دنیا کے امیر ترین شخص ایلان ماسک کی کمپنی ‘اسپیس ایکس’ کا طاقت ور ترین راکٹ “اسٹار شپ” منگل کے روز ٹیکساس سے خلا میں روانہ ہو گیا۔ اس موقع پر کمپنی کے سربراہ ایلان ماسک کے ہمراہ نو منتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ بھی موجود تھے۔
اس سے قبل اسٹار شپ کی پانچ آزمائشی پروازیں ہو چکی ہیں۔ پانچویں پرواز کے دوران میں راکٹ تکنیکی خرابی کے سبب حادثے کا شکار ہو گیا تھا۔
کل منگل کے روز ٹیکساس میں تجرباتی پرواز شروع ہونے کے صرف چار منٹ بعد ہی بوسٹر سے جڑنے کی کوشش منسوخ کر دی گئی جس کے تین منٹ بعد بوسٹر سمندر میں گر گیا۔
اسپیس ایکس کمپنی کے ترجمان ڈان ہوٹ کے مطابق بوسٹر سے جڑنے کے سلسلے میں تمام مطلوبہ تقاضے پورے نہیں ہوئے اس وجہ سے فلائٹ کنٹرولر ، بوسٹر کو لانچنگ کے مقام پر واپس نہیں لا سکا۔
اس سے پہلے ڈونلڈ ٹرمپ اپنی خصوصی سرخ کیپ سر پر سجائے لانچنگ کے اڈے پر پہنچے تھے جہاںایلان ماسک نے ان کا استقبال کیا۔ مسک نے ٹرمپ کی آمد کو اپنے لیے “اعزاز” قرار دیا۔
اسپیکس ایکس کمپنی کا مقصد دنیا کے اس سب سے بڑے اور سب سے طاقت ور راکٹ کو مریخ کا سیارہ آباد کرنے کے لیے استعمال کرنا ہے۔
ایلون مسک نے ری پبلکن پارٹی کی انتخابی مہم کے لیے کروڑوں ڈالر خرچ کر دیے اور اس کے مقابل مشیر کا منصب حاصل کر لیا۔ اس حوالے سے مسک نے مفادات کے ٹکراؤ کا امکان بھی نظر انداز کر دیا۔ واضح رہے کہ اسپیس ایکس کمپنی کے امریکی حکومت کے ساتھ بہت سے معاہدے زیر عمل ہیں۔