اردو انٹرنیشنل (مانیٹرنگ ڈیسک) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سعودی عرب میں اپنے روسی ہم منصب ولادیمیر پیوٹن سے ملاقات کریں گے۔عرب نیوز کے مطابق جنوری میں اقتدار سنبھالنے کے بعد یہ ان کی اپنے روسی ہم منصب سے پہلی ملاقات ہو گی۔امریکی صدر کا یہ اعلان روسی ہم منصب کے ساتھ تقریباً 90 منٹ دورانیہ کی فون پر بات چیت کے بعد سامنے آیا۔
اس ٹیلیفونک گفتگو میں انہوں نے یوکرین میں تقریباً تین سال سے جاری جنگ کو ختم کرنے پر تبادلہ خیال کیا اور جنگ کے خاتمے کے لئے بات چیت شروع کرنے پر اتفاق کیا۔صدرڈونلڈ ٹرمپ نے اوول آفس میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ہم بالآخر روسی صدر سے ملاقات کی توقع کرتے ہیں جس میں ہم اس بات کا جائزہ لیں گے کہ ہم کیا کچھ کر سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اس ملاقات کی تاریخ طے نہیں پائی لیکن یہ جلد ہو گی ۔صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے مزید کہا ہم نے اپنی متعلقہ ٹیموں کو فوری طور پر مذاکرات شروع کرنے پر بھی اتفاق کیا ہے، اور ہم یوکرین کے صدر زیلنسکی کو فون کرکے بات چیت سے آگاہ کریں گے اور میں تو ابھی کروں گا۔ انہوں نے تجویز پیش کی کہ اس ملاقات میں سعودی ولی عہد محمد بن سلمان بھی شامل ہوں کیونکہ ہم ان کو جانتے ہیں اور مجھے لگتا ہے کہ سعودی عرب روسی صدر سے ملاقات کے لئے بہت اچھی جگہ ہوگی۔
اس پیش رفت نے ان خدشات کو جنم دیا ہے کہ یوکرین جنگ کو ختم کرنے کے لئے ہونے والے مذاکرات میں شامل نہیں ہوسکے گا۔ قبل ازیں کریملن کے ترجمان دمتری پیسکوف نے کہا تھا کہ صدر پیوٹن نے ڈونلڈ ٹرمپ اور ان کی انتظامیہ کے عہدیداروں کو یوکرین پر بات چیت کے لئے ماسکو آنے کی دعوت دی ہے اور باہمی دلچسپی کے شعبوں میں روس میں امریکی حکام سے ملاقات کے لئے اپنی آمادگی کا اظہار کیا، جس میں یقیناً یوکرین میں جنگ کے خاتمہ کا موضوع بھی شامل ہے۔