اردو انٹرنیشنل (اسپورٹس ویب ڈیسک) تفصیلات کے مطابق لیمائن یامل اور گاوی کے شاندار گولز کی بدولت بارسلونا نے ایتھلیٹک کلب کو 2-0 سے شکست دے کر ہسپانوی سپر کپ کے فائنل میں جگہ بنا لی۔ سعودی عرب کے کنگ عبداللہ اسپورٹس سٹی اسٹیڈیم میں ہونے والے اس میچ کا آغاز زبردست انداز میں ہوا، جہاں بارسلونا نے ہینسی فلک کی قیادت میں جارحانہ کھیل پیش کیا۔ 17ویں منٹ میں الیجینڈرو بالڈے کے شاندار پاس کو گاوی نے خوبصورتی سے گول میں تبدیل کیا، جس سے بارسلونا کوابتدائی برتری ملی۔
دوسرے ہاف کے ابتدائی لمحات میں نوجوان کھلاڑی لیمائن یامل نے اپنی تیز رفتاری اور مہارت سے دوسرا گول کیا۔ انہوں نے یونائی سائمن کو شکست دے کر اپنی ٹیم کے لیے فیصلہ کن برتری حاصل کی۔
ایتھلیٹک کلب کے اناکی ولیمز نے میچ کے آخری لمحات میں گول کر کے اپنی ٹیم کو واپس لانے کی کوشش کی، لیکن وہ گول آف سائیڈ قرار دے دیا گیا۔
اب بارسلونا کا اتوار کو ہسپانوی سپر کپ کے فائنل میں ریال میڈرڈ یا مالورکا سے سامنا ہوگا، جن کا میچ جمعرات کو ہے۔