اردو انٹرنیشنل (مانیٹرنگ ڈیسک) عالمی ادارہ صحت ڈبلیو ایچ او نے مصر کو ملیریا سے پاک قراردے دیا۔
برطانوی نشریاتی ادارے (بی بی سی)کے مطابق عالمی ادارہ صحت نے مصر کو ملیریا سے پاک قرار دے دیا ہے۔
مصر نےتقریباً 100 سال قبل ملیریا کے خاتمےکی مہم شروع کی تھی۔
مصر، متحدہ عرب امارات اور مراکش کے بعد مشرقی بحیرہ روم خطے میں تیسرا ملیریا فری ملک بن گیا ہے جب کہ دنیا بھر میں اب تک44 ممالک کو ملیریا فری قرار دیا جاچکا ہے۔
عالمی ادارہ صحت کی طرف سے کسی بھی ملک کو ملیریا فری کا سرٹیفکیٹ اس وقت دیا جاتا ہے جب وہاں مسلسل 3 سال تک بیماری کا پھیلاؤ یا دوبارہ افزائش کو روک دیا جائے۔
واضح رہے کہ ہر سال ملیریا سے تقریباً 6 لاکھ افراد کی جان جاتی ہے اور ان میں سے اکثریت کا تعلق افریقی ممالک سے ہوتا ہے۔