افغان فٹ بال ٹیم کے ویزے کے مسائل حل،وزیر داخلہ محسن نقوی کا اعلان
اردو انٹرنیشنل (مانیٹرنگ ڈیسک) وزیر داخلہ محسن نقوی نے بدھ کو اعلان کیا کہ افغان فٹ بال ٹیم کے ویزے کے مسائل حل کر دیے گئے ہیں۔
منگل کو پاکستان فٹ بال فیڈریشن کے صدر محسن گیلانی نے کہا تھا کہ افغان فٹ بال فیڈریشن اپنے مکمل اسکواڈ کو کابل میں پاکستان ایمبیسی کے سامنے بایومیٹرک تصدیق کے لیے حاضر کرنے میں ناکام رہی کیونکہ زیادہ تر کھلاڑی ملک میں مقیم نہیں تھے۔ افغان وائس ایجنسی کے مطابق افغان فیڈریشن نے ابتدائی ٹیم کی فہرست 18 ستمبر کو ایمبیسی کو بھیجی تھی لیکن ویزے جاری نہیں کیے گئے تھے۔

وزیر نقوی نے ایکس (سابقہ ٹویٹر) پر کہا ہے کہ اب ویزے جاری کر دیے گئے ہیں۔ انہوں نے صحافی فیضان لکھانی کا شکریہ بھی ادا کیا کہ انہوں نے مسئلے کی نشاندہی کی۔
جمعرات کو جناح اسٹیڈیم اسلام آباد میں پاکستان اور افغانستان کے درمیان اے ایف سی ایشین کپ کوالیفائر کے میچ کے حوالے سے غیر یقینی صورتحال تھی، لیکن اب دونوں ٹیموں کے کھلاڑی میدان میں اتر سکیں گے۔
افغان ٹیم کے تمام کھلاڑی منگل کو دبئی میں جمع ہو گئے تھے اور ویزا کی منظوری کا انتظار کر رہے تھے۔ پاکستان اور افغانستان دونوں گروپ ’ای‘ میں اپنی ابتدائی دو میچز ہار چکے ہیں اور 14 اکتوبر کو ال اردیہ، کویت میں ریٹرن میچ ہوگا۔ گروپ کا فاتح 2027 کے اے ایف سی ایشین کپ، سعودی عرب کے لیے کوالیفائی کرے گا۔



