T20 World Cup: Adil Rashid and Rehan Ahmed face delays in Indian visas-AFP
آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سے قبل انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے دو اسپنرز عادل رشید اور ریحان احمد کو بھارتی ویزوں کے حصول میں تاخیر کا سامنا ہے، جس کے باعث وہ سری لنکا میں ہونے والی پری ورلڈ کپ وائٹ بال سیریز کے لیے ٹیم کے ہمراہ روانہ نہیں ہو سکیں گے۔
برطانوی میڈیا کے مطابق دونوں کھلاڑی بھارتی حکام کی جانب سے اجازت نامے کے منتظر ہیں عادل رشید اس وقت دبئی میں آئی ایل ٹی ٹوئنٹی کھیل رہے ہیں جبکہ ریحان احمد بگ بیش لیگ میں شرکت کے لیے آسٹریلیا میں موجود ہیں، جہاں ان کے قیام میں مزید توسیع کا امکان ہے۔
انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ (ای سی بی) کا کہنا ہے کہ ویزوں کے لیے تمام رسمی کارروائی آئی سی سی کے باضابطہ دعوت نامے کے فوراً بعد مکمل کر دی گئی تھی، تاہم بیرونِ ملک موجود ہونے کے باعث دونوں کھلاڑیوں کے ویزے تاخیر کا شکار ہوئے۔
ای سی بی حکام معاملے کے حل کے لیے آئی سی سی، بھارتی کرکٹ بورڈ اور متعلقہ حکام سے رابطے میں ہیں ماضی میں بھی پاکستانی پس منظر رکھنے والے برطانوی کھلاڑیوں کو بھارتی ویزوں کے حصول میں مشکلات کا سامنا رہا ہے۔



