
Historic clash: Pakistan and India face off in the Asia Cup final for the first time-Image Credit: ACC
کرکٹ کی دنیا کے دو بڑے حریف، پاکستان اور بھارت، اتوار کو دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں پہلی بار ایشیا کپ کے فائنل میں ایک دوسرے کے مدمقابل ہوں گے، جو اس ایونٹ کی تاریخ میں ایک تاریخی لمحہ ہوگا۔
ایشیا کپ کا آغاز 1984 میں ہوا تھا، لیکن اب تک کسی بھی ایڈیشن میں پاکستان اور بھارت کا فائنل میں آمنا سامنا نہیں ہوا 2025 کا فائنل اس اعتبار سے منفرد ہے کہ یہ پہلی بار ہے جب دونوں ٹیمیں اس براعظمی ٹورنامنٹ کے فیصلہ کن معرکے میں ٹکرا رہی ہیں۔
بھارت، جو رواں ٹورنامنٹ میں ناقابلِ شکست رہا ہے، نے سپر فور مرحلے میں پاکستان اور بنگلہ دیش کو شکست دے کر فائنل میں جگہ بنائی دوسری جانب، پاکستان نے بھارت سے ابتدائی شکست کے بعد زبردست کم بیک کرتے ہوئے سری لنکا اور بنگلہ دیش کو ہرایا اور فائنل تک رسائی حاصل کی۔
ایشیا کپ کی تاریخ میں بھارت 11 فائنل کھیل چکا ہے، جن میں سے آٹھ میں کامیابی حاصل کی، جب کہ پاکستان پانچ بار فائنل میں پہنچا اور دو بار چیمپئن بنا۔
کرکٹ شائقین اس تاریخی ٹاکرے کا بے صبری سے انتظار کر رہے ہیں، جو نہ صرف روایتی حریفوں کے درمیان اعصاب شکن مقابلہ ہوگا بلکہ براعظم ایشیا کے کرکٹ تاج کے لیے فیصلہ کن جنگ بھی۔