اردو انٹرنیشنل (اسپورٹس ویب ڈیسک) تفصیلات کے مطابق سٹی گراؤنڈ میں کھیلے گئے پریمیئر لیگ کے ایک سنسنی خیز میچ میں ناٹنگھم فاریسٹ نے ساؤتھمپٹن کے خلاف 3-2 سے فتح حاصل کی، جس کے بعد وہ پوائنٹس ٹیبل پر آرسنل کے برابر دوسرے نمبر پر آ گیا۔
ناٹنگھم فاریسٹ نے ابتدائی 41 منٹ میں شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے 3-0 کی برتری حاصل کی۔ ناٹنگھم کی جانب سے ایلیٹ اینڈرسن نے میچ کے 11ویں منٹ میں گول کرکے ٹیم کو برتری دلائی۔ کیلم ہڈسن اوڈوئی نے 28ویں منٹ ساؤتھمپٹن کی دفاعی غلطی کے نتیجے میں دوسرا گول کیا اور پھر کرس ووڈ نے ہاف ٹائم سے پہلے سیزن کا اپنا 14واں گول کر کے فاریسٹ کی برتری کو مزید مضبوط کیا۔
دوسرے ہاف میں ساؤتھمپٹن نے حیران کن انداز میں واپسی کی۔ جان بیڈنریک نے ایک شاندار گول اسکور کیا، جبکہ پال اونواچو کے زبردست ہیڈر نے میچ کے آخری لمحات کو سنسنی خیز بنا دیا۔ لیکن اضافی وقت میں اولا آئنا نے بیڈنریک کے ہیڈر کو گول لائن سے روک کر فاریسٹ کی فتح کو یقینی بنایا۔
ناٹنگھم پوائنٹس ٹیبل پر اس وقت لیگ ٹیبل پر سہر فہرست لیورپول سے چھ پوائنٹس پیچھے تیسرے نمبر پر ہے ۔
دوسری جانب، ساؤتھمپٹن نے اس سیزن میں 18 میچ ہارے ہیں، جن میں نئے مینیجر آئیون جورک کے تحت کھیلے گئے پانچ لیگ میچز بھی شامل ہیں۔ ٹیم صرف چھ پوائنٹس کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل کے آخری نمبر پر ہے۔