اردو انٹرنیشنل (اسپورٹس ویب ڈیسک) تفصیلات کے مطابق مانچسٹر سٹی کے مینیجر پیپ گارڈیوولا نے موجودہ سیزن میں ٹیم کی خراب کارکردگی کی ذمہ داری خود پر لیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ کھلاڑیوں کو بہتر کارکردگی کے لیے تیار کرنے میں ناکام رہے ہیں۔
گارڈیوولا نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا: “جب آپ بہت سارے میچ ہارتے ہیں تو اس کی ذمہ داری مینیجر پر آتی ہے۔ میں کھلاڑیوں کو اعتماد دینے میں ناکام رہا ہوں۔”
مانچسٹر سٹی اس وقت پریمیئر لیگ میں لیورپول سے 14 پوائنٹس پیچھے ہے۔ حالیہ میچز میں، سٹی نے 14 میں سے صرف 2 میچز جیتے ہیں۔ پیپ گارڈیوولا جو پہلے بارسلونا اور بائرن میونخ جیسے بڑے کلبوں کے بھی کامیاب منیجر رہ چکے ہیں ، ان کے کیریئر کا یہ سب سے کمزور رن ہے۔
گارڈیوولا نے اعتراف کیا کہ ٹیم کو اس سیزن میں کئی اہم کھلاڑیوں کی غیر موجودگی کا سامنا رہا، جن میں بیلن ڈی اور جیتنے والے مڈفیلڈر روڈری بھی شامل ہیں۔ انہوں نے مزید کہا:
“زخمی کھلاڑیوں کے باوجود مجھے بہتر نتائج حاصل کرنے کا راستہ تلاش کرنا چاہیے تھا۔” گارڈیوولا نے کہا کہ ٹیم ماضی میں بھی سست شروعات کے بعد ٹائٹل جیت چکی ہے، لیکن اس بار حالات زیادہ مشکل ہیں۔
مانچسٹر سٹی اپنا اگلا میچ ہفتہ کو ویسٹ ہیم کے خلاف کھیلے گی، جہاں ٹیم اپنی کارکردگی کو بہتر کرنے کی کوشش کرے گی۔