عامر خان اور ان کی سابق اہلیہ کرن راؤ کی فلم “لاپتا لیڈیز” فلمی دنیا کے سب سے بڑے ایوارڈ “آسکر” کی دوڑ سے باہر ہوگئی۔ فلم فیڈریشن آف انڈیا نے رواں برس ماہ ستمبر میں فلم ” لاپتا لیڈیز” کو آسکرز میں بھیجنے کے لیے منتخب کیا تھا، لیکن، دی آکیڈمی آف موشن پکچر آرٹس اینڈ سائنسز نے گزشتہ روز 97ویں آسکر ایوارڈ کے لیے 10 کیٹگریز کی شارٹ لسٹس جاری کی ہیں لیکن اس لسٹ میں “لاپتا لیڈیز” کا نام شامل نہیں ہے۔
جب فلم “لاپتا لیڈیز” کو آسکر کے لیے بھیجا گیا اس وقت ایف ایف آئی (فلم فیڈریشن آف انڈیا) پر کافی تنقید سامنے آئی تھی کیونکہ لوگوں کا خیال تھا کہ آسکرز کی بہترین غیر ملکی فلم کی کیٹگری کے لیے بھارت کی جانب سے “آل وی امیجن ایز لائٹ ” کو بھیجا جائے گا ۔ تاہم ، فلم “آل وی امیجن ایز لائٹ” کو گولڈن گلوبز کے لیے بہترین ہدایات کاری اور بہترین فارن فلم کی کیٹگری کے لیے منتخب کیا جاچکا ہے۔ گولڈن گلوبز کا اعلان آئندہ سال چھ جنوری کو کیا جائے گا۔
یاد رہے، آسکرز کے لیے حتمی نامزدگیوں کا اعلان آئندہ سال 17 جنوری کو کیا جائے گا جبکہ آسکرز کی تقریب 3 مارچ کو منعقد ہوگی۔