اردو انٹرنیشنل (اسپورٹس ویب ڈیسک) تفصیلات کے مطابق انگلینڈ فٹ بال ایسوسی ایشن (ایف اے) کے چیئر ڈیبی ہیوٹ نے تصدیق کی ہے کہ انگلینڈ فٹبال ایسوسی ایشن نے 2034 فیفا ورلڈ کپ کی میزبانی کے لیے سعودی عرب کی بولی کی حمایت کا فیصلہ گزشتہ ماہ سعودی عربین فٹ بال فیڈریشن کے ساتھ ہونے والی ملاقات اور ان کے فراہم کردہ جوابات سے اطمینان کے بعد کیا تھا۔
بدھ کے روز فیفا نے باضابطہ طور پر 2034 کے ورلڈ کپ کی میزبانی کے لیے سعودی عرب کو منتخب کیا کیونکہ سعودی عرب 2034 ورلڈ کپ کی میزبانی کے لیے بولی لگانے والا واحد ملک تھا۔
فیفا کے اس فیصلے کے بعد حقوق کی متعدد تنظیموں نے سعودی عرب کے انسانی حقوق کے ریکارڈ پر سوالات اٹھاتے ہوئے فیفا کو تنقید کا نشانہ بنایا۔
خواتین کے حقوق کے گروپس اور (ایل جی بی ٹی کیو) کمیونٹی کے ارکان نے الزام لگایا ہے کہ سعودی عرب کھیلوں کی سرمایہ کاری کے ذریعے ملک میں انسانی حقوق جیسے مسائل کو چھپانے کی کوشش کر رہا ہے۔ تاہم سعودی حکومت نے ان الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے قوانین کے تحت قومی سلامتی کا تحفظ کرتے ہیں۔
پچھلے چند سالوں میں، سعودی عرب نے کھیلوں کے مختلف ایونٹس میں بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری کی ہے، جسے بعض ناقدین “اسپورٹس واشنگ” کا نام دیتے ہیں۔
ورلڈ کپ کی میزبانی سے قبل، ایف اے نے نومبر میں سعودی فٹ بال فیڈریشن کے ساتھ ملاقات کی تھی۔ چیئر ڈیبی ہیوٹ کے مطابق، اس ملاقات نے سعودی عرب کی بولی کے حق میں حمایت کا فیصلہ کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔
فیفا کے اس فیصلے نے جہاں سعودی عرب کو عالمی اسٹیج پر مزید اجاگر کیا ہے، وہیں انسانی حقوق کے مسائل اور تنقیدوں نے اسے ایک متنازع موضوع بھی بنا دیا ہے۔