اردو انٹرنیشنل (مانیٹرنگ ڈیسک) دفتر خارجہ کی ہفتہ وار پریس بریفنگ کے دوران ترجمان دفترِ خارجہ سے برطانیہ میں سابق چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کیخلاف احتجاج سے متعلق سوال پوچھا گیا جس کے جواب میں ترجمان دفترِ خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے کہا ہے کہ ہم سمجھتے ہیں کہ احتجاج شائستگی کے دائرہ کار میں ہونا چاہیے، پاکستانی ہائی کمیشن بعض شخصیات کو اخلاقی بنیاد پر سہولت دیتا ہے۔
ترجمان دفترِ خارجہ سے برطانیہ میں سابق چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے خلاف احتجاج سے متعلق سوال کیا گیا جس پر انہوں نے جواب دیا کہ ہم اس معاملے پر تحقیقات کر رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستانی سفارتخانہ اس حوالے سے کام کر رہا ہے۔
ممتاز زہرا بلوچ نے کہا کہ وزیرِ اعظم شہباز شریف آج صبح قطر کے دارالحکومت دوحہ پہنچے ہیں، نائب وزیرِ اعظم اسحاق ڈار بھی ان کے ہمراہ ہیں، وزیرِ اعظم امیر قطر سمیت اہم قطری حکام سے ملاقاتیں کریں گے۔
ترجمان نے کہا کہ وزیرِ اعظم قطر میں دو طرفہ تجارت اور سرمایہ کاری سے متعلق ملاقاتیں کریں گے، اس سے قبل انہوں نے سعودی عرب کا دورہ کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کسی 2 ممالک کے درمیان تبادلوں پر تبصرہ نہیں کرتے، 2019ء میں پاکستان نے بھارت کے ساتھ تجارت معطل کی تھی جو برقرار ہے، امریکا کے انتخابات میں پاکستان کی کوئی پوزیشن نہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے لندن میں چیف جسٹس (ر) قاضی فائز عیسیٰ اور پاکستانی ہائی کمیشن کی گاڑی پر حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اعلان کیا تھا کہ حملہ آوروں کی شہریت منسوخ کرنے کےلیے فوری کارروائی کی جائے گی۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے نادرا کو حملہ آوروں کی شناخت کے لیے فوری اقدامات کا حکم دیتے ہوئے کہا تھا کہ فوٹیجز کی مدد سے لندن میں چیف جسٹس (ر) قاضی فائز عیسیٰ اور پاکستانی ہائی کمیشن کی گاڑی پر حملہ کرنے والوں کی نشاندہی کی جائے۔