اسٹٹ گارٹ کے ہاتھوں شکست، یووینٹس کی سیزن کی پہلی ناکامی
اردو انٹرنیشنل ( اسپورٹس ڈیسک) چیمپیئنز لیگ میں اسٹٹ گارٹ نے انجری ٹائم میں گول کر کے 10 کھلاڑیوں والی یووینٹس کو حیران کن شکست دے دی۔
انجری ٹائم میں اسٹٹ گارٹ کے متبادل کھلاڑی ال بلال ٹورے نے میچ کے دوسرے اضافی منٹ میں ایک شاندار ٹچ کے بعد گیند کو جال میں پہنچایا، جس سے ان کی ٹیم کو برتری ملی۔
یہ گول یووینٹس کے لیے ایک بڑا جھٹکا ثابت ہوا جس نے سیزن میں ان کے ناقابل شکست آغاز کو ختم کر دیا۔
اس سے پہلے، اسٹٹ گارٹ کا ایک گول تنازعے کا شکار ہوا، جب ڈینیز انڈاو کا گول اس الزام پر رد کیا گیا کہ گیند کو اس سے پہلے ہاتھ لگایا گیا تھا۔
85ویں منٹ میں اسٹٹ گارٹ کو پنالٹی بھی ملی جب یووینٹس کے برازیلی کھلاڑی ڈینیلو نے اپنے اونچے بوٹ سے اسٹٹ گارٹ کے انتھونی راؤلٹ کے جسم کو ٹکر ماری۔
جسے ریفری نے فاؤل قرار دیا۔ اس فاؤل کی وجہ سے ریفری نے ڈینیلو کو دوسرا پیلا کارڈ دکھایا اور اسٹٹ گارٹ کو پنالٹی ملی۔
یووینٹس کے گول کیپر میٹیا پیرین نے عمدہ ڈائیو لگا کر اینزو میلوٹ کا پنالٹی شاٹ روک لیا، اور اس وقت ایسا لگ رہا تھا کہ یہ میچ کا آخری بڑا موقع ہوگا۔
لیکن آخری لمحات میں اسٹٹ گارٹ نے کھیل کا نقشہ پلٹ دیا اور یوں تین میچز کے بعد چار پوائنٹس حاصل کیے، جبکہ ان کی مہم کا آغاز ایک ہار اور ایک ڈرا سے ہوا تھا۔
دوسری طرف یووینٹس اپنی فتح کے سلسلے کو تین میچز تک بڑھانے میں ناکام رہا۔
اب آنے والے میچز میں اسٹٹ گارٹ 6 نومبر کو اٹلانٹا کا سامنا کرے گا، جبکہ یووینٹس ایک دن پہلے لیل کے خلاف میدان میں اترے گا۔