اردو انٹرنیشنل (اسپورٹس ویب ڈیسک) تفصیلات کے مطابق پریمیئر لیگ کے میچ میں مانچسٹر سٹی اور وولور ہیمپٹن مدِ مقابل تھے وولور ہیمپٹن جواس سیزن میں اب تک کوئی میچ نہیں جیت سکے اور لیگ کی آخری پوزیشن پر ہیں کو مانچسٹر سٹی سے اس میچ میں بھی 2-1 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا ۔
دوسری جانب جان اسٹونز کے ڈرامائی انجری ٹائم گول نے مانچسٹر سٹی کو پریمیئر لیگ میں لیورپول کے قریب رکھا، جو اس وقت لیگ ٹیبل پر سہرِفہرست پوزیشن پر براجمان ہے۔
یہ گول مانچسٹر سٹی کے ڈیفنڈر جان اسٹونز نے انجری ٹائم کے پانچویں منٹ میں ہیڈر کے ذریعے کیا۔ پہلے ریفری نے اس گول کو آف سائیڈ قرار دے کر رد کر دیا تھا، لیکن ویڈیو ریویو کے بعد گول منظور ہو گیا، جس پر میزبان ٹیم وولور ہیمپٹن کے کھلاڑی مایوس ہو گئے۔
اس سے پہلے جوسکو گیوارڈیول نےوولور ہیمپٹن کے جارجن اسٹرینڈ لارسن کے ابتدائی گول کو برابر کر دیا تھا۔ وولور ہیمپٹن نے میچ میں اچھا مقابلہ کیا، حالانکہ وہ اس سیزن میں اب تک کوئی کامیابی حاصل نہیں کر سکے۔
اس میچ کے دوران وولور ہیمپٹن نے ساتویں منٹ میں نیلسن سیمیڈو کے شاندار کراس کی مدد سے پہلا گول کیا، جسے جارجن اسٹرینڈ لارسن نے گول میں بدل دیا۔ مانچسٹر سٹی نے میچ پر کنٹرول حاصل کیا لیکن ان کا پہلا گول 33ویں منٹ میں جوسکو گیوارڈیول نے کارنر پر ہیڈر سے کیا۔
تاہم مانچسٹر سٹی نے میزبان ٹیم کے دباؤ کے باوجود آخری لمحات میں اسٹونز کے گول سے میچ جیت لیا۔