چین کی کراچی ایئرپورٹ کے قریب دھماکے کی مذمت، مجرموں کو کیفر کردار تک پہنچانے کا مطالبہ
اردو انٹرنیشنل (مانیٹرنگ ڈیسک) چینی سفارتخانے نے گزشتہ رات کراچی ایئرپورٹ کے قریب خود کش دہشت گرد حملے اور اس میں ہونے والی اموات کی شدید مذمت کی ہے۔
ایک بیان میں سفارتخانے نے کہا کہ ہم پورٹ قاسم الیکٹرک پاور کمپنی کے قافلے کو دھماکے سے نشانہ بنانے کی تصدیق کرتے ہیں۔
انہوں نے حملے میں جان کی بازی ہارنے والے دونوں ملکوں کے عوام سے اظہار تعزیت بھی کیا۔
بیان میں کہا گیا کہ چینی سفارتخانہ اور قونصلیٹ جنرل نے ایمرجنسی پلان کا اجرا کرتے ہوئے پاکستانی حکام سے واقعے کی مکمل تحقیقات کر کے ملوث عناصر کو کیفر کردار تک پہنچانے کا مطالبہ کیا۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ پاکستان چینی شہریوں، اداروں اور پاکستان میں موجود منصوبوں کے تحفظ کے لیے تمام ضروری اقدامات کرے۔
واضح رہے کہ کراچی میں رات گئے انٹرنیشنل ایئر پورٹ سگنل کے قریب خودکش دھماکا ہوا تھا جس کے نتیجے میں 2 غیر ملکی سمیت 3 افراد ہلاک اور 17 افراد زخمی ہوگئے تھے جب کہ دھماکے سے متعدد گاڑیاں بھی جل کر تباہ ہوگئی تھیں۔