پاکستان نے بنگلہ دیش کے خلاف دوسرے ٹیسٹ کے لیے ٹریننگ شروع کر دی
اردوانٹرنیشنل(اسپورٹس ڈیسک) تفصیلات کے مطابق پاکستان کے ٹیسٹ اسکواڈ نے بدھ کو بنگلہ دیش کے خلاف دوسرے ٹیسٹ کے لیے ٹریننگ کا آغاز کیا، جو 30 اگست سے شروع ہونے والا ہے۔
تفصیلات کے مطابق قومی ٹیسٹ ٹیم کے کھلاڑیوں نے ہیڈ کوچ جیسن گلیسپی سمیت کوچز کی زیر نگرانی بیٹنگ، باؤلنگ اور فیلڈنگ کے متعدد سیشنز میں حصہ لیا۔
اپنے نوزائیدہ بچے سے ملنے کراچی جانے والے تیز گیند باز شاہین شاہ آفریدی نے دوبارہ اسکواڈ کو جوائن کیا اور ٹریننگ سیشن میں بھی حصہ لیا۔
اس سے قبل آج پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے تین کھلاڑیوں ابرار احمد، کامران غلام اور عامر جمال کو ٹیسٹ اسکواڈ میں واپس بلا لیا۔
ابرار اور کامران کو پہلے ٹیسٹ میچ کے آغاز سے قبل ٹیسٹ اسکواڈ سےریلیز کر دیا گیا تھا اور وہ 20 سے 23 اگست تک اسلام آباد کلب میں بنگلہ دیش ‘اے’ کے خلاف چار روزہ میچ میں پاکستان شاہینزمیں شامل تھے۔
اسلام آباد میں ڈرا ہونے والے چار روزہ میچ میں ابرار نے 4 وکٹیں لیں جبکہ کامران نے 34 رنز بنائے۔
دریں اثنا، آل راؤنڈر عامر جمال، جنہیں این سی اے میں اپنی فٹنس پر کام کرنے کے لیے اسکواڈ سے باہر کیا گیا تھا، کو واپس بلا لیا گیا ہے عامر کی دوسرے ٹیسٹ میں شرکت فٹنس کلیئرنس سے مشروط رہے گی۔
دو میچوں کی سیریز کے پہلے ٹیسٹ میں بنگلہ دیش کے خلاف پہلی شکست کا سامنا کرنے کے بعد پاکستان دوسرے ٹیسٹ میں واپسی کے لیے کوشاں ہو گا۔