اسماعیل ہنیہ سے متعلق ملائیشین وزیراعظم کی پوسٹ ہٹانے پر میٹا کی معذرت

0
74

اسماعیل ہنیہ سے متعلق ملائیشین وزیراعظم کی پوسٹ ہٹانے پر میٹا کی معذرت

اردو انٹرنیشنل (مانیٹرنگ ڈیسک) میٹا کے ایک ترجمان نے خبر رساں ادارے روئٹرز کو بتایا کہ’ہم ایک آپریشنل غلطی کے لیے معذرت خواہ ہیں، جہاں وزیراعظم (انور ابراہیم) کے فیس بک اور انسٹاگرام پیجز سے مواد ہٹا دیا گیا تھا اور اس کے بعد مواد کو درست خبر کے لیبل کے ساتھ بحال کر دیا گیا ہے۔‘

میٹا پلیٹ فارمز نے گذشتہ ہفتے حماس کے رہنما اسماعیل ہنیہ کے قتل سے متعلق ملائیشیا کے وزیراعظم انور ابراہیم کے فیس بک اور انسٹاگرام اکاؤنٹس سے پوسٹس ہٹانے پر منگل کو معذرت کرلی ہے۔

ملائیشیا کے وزیراعظم انور ابراہیم نے 31 جولائی کو اسماعیل ہنیہ کے قتل پر تعزیت کے لیے حماس کے ایک عہدیدار کے ساتھ اپنی فون کال کی ایک ویڈیو ریکارڈنگ فیس بک اور انسٹاگرام پر پوسٹ کی تھی۔

انہوں نے ایک اور پوسٹ میں اسماعیل ہنیہ کے ساتھ اپنی آخری ملاقات کی ایک تصویر بھی لگائی تھی، جنہیں میٹا نے ہٹا دیا تھا۔

خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق اسماعیل ہنیہ کی موت پر تعزیت کا اظہار کرنے والی پوسٹس ہٹائے جانے کے بعد ملائیشیا کے وزیر مواصلات اور وزیراعظم کے دفتر کے ارکان نے پیر کو میٹا کے نمائندوں سے وضاحت طلب کی تھی۔