اقوام متحدہ نے سراج الدین حقانی سمیت 4 افغان عہدیداروں پر سفری پابندیاں ختم کردیں
اردو انٹرنیشنل (مانیٹرنگ ڈیسک) اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے افغانستان میں عبوری انتظامیہ کے لیے خدمات انجام دینے والے چار طالبان رہنماؤں پر عائد سفرکرنے کی پابندیاں عارضی طور پر ہٹا دی ہیں۔
سلامتی کونسل کے مختصر نوٹیفکیشن کے مطابق افغانستان میں عبوری انتظامیہ کے اعلیٰ عہدے دار، عبدالکبیر محمد جان، عبدالحق واثق، نور محمد ثاقب اور سراج الدین جلال الدین حقانی پر عائد سفری پابندیاں ہٹانے کی منظوری دی گئی۔
اگست 2021 میں اقتدار پر طالبان کے قبضے کے بعد سے، عبدالکبیر محمد جان کو سیاسی امور کے لیے نائب وزیر اعظم مقرر کیا گیا تھا، جب کہ سراج الدین حقانی عبوری انتظامیہ میں وزیر داخلہ ہیں،عبدالحق واثق افغانستان کے انٹیلیجنس چیف ہیں جبکہ محمد ثاقب وزیر حج و مذہبی امور ہیں۔
سفری پابندیاں اٹھانے کا نوٹیفکیشن اس وقت سامنے آیا ہےجب حقانی نے، جو دہشت گردی کے لیے امریکہ کو مطلوب ہیں، اسی ہفتے متحدہ عرب امارات کا اپنا دورہ مکمل کیا تھا، جہاں انہوں نے میزبان ملک کی قیادت سے ملاقاتیں کی تھیں۔ اور واثق متحدہ عرب امارات (یو اے ای) گئے جہاں انہوں نے خلیجی ممالک کی قیادت سے ملاقات کی تھی۔