اسلام آباد (اے پی پی)نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ شنگھائی اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) کے سربراہ اجلاس میں شرکت کے لئے ازبکستان کا دورہ کریں گے۔ دفتر خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرہ بلوچ نے جمعرات کو پریس بریفنگ میں کہا کہ وزیر اعظم 8 اور9 نومبر کو ازبکستان کے دارالحکومت تاشقند میں اقتصادی تعاون تنظیم کے سربراہ اجلاس میں شریک ہوں گے۔
ترجمان نے کہا کہ وزیر اعظم اجلاس میں شرکت کرنے والے رکن ممالک کے سربراہان سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔ ترجمان نے فلسطین کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو فلسطین کی صورتحال پر تشویش ہے، اسرائیل کی قابض افواج فلسطین میں جنگی جرائم کا ارتکاب کررہی ہیں، گزشتہ روز سینیٹ اجلاس میں فلسطینیوں پر ہونے والے مظالم کے خلاف قرارداد منظور کی گئی، اقوام متحدہ کو غزہ میں محاصرے کے خاتمہ، بمباری روکنے اور انسانی بنیادوں پر کراسنگ کھولنے پر زور دینا چاہئے۔