
مدینہ کے قریب خوفناک حادثہ ، 42 بھارتی عمرہ زائرین جاں بحق
اردو انٹرنیشنل (مانیٹرنگ ڈیسک) سما نیوز کے مطابق پیر کی صبح ایک ہولناک سڑک حادثے میں کم از کم 42 بھارتی عمرہ زائرین جاں بحق ہوگئے، جن میں حیدرآباد کے 16 افراد بھی شامل ہیں۔ابتدائی سرکاری رپورٹس کے مطابق یہ اموات اس وقت ہوئیں جب زائرین کی بس مکّہ سے مدینہ جاتے ہوئے ایک ڈیزل ٹینکر سے ٹکرا گئی۔
حادثہ بھارتی وقت کے مطابق صبح 1:30 بجے مفرحت نامی مقام پر پیش آیا جو مدینہ سے تقریباً 160 کلومیٹر دور ہے۔ بس میں 43 مسافرسوار تھے، اور ابتدائی اطلاعات کے مطابق بس میں آگ لگنے کے باعث صرف ایک شخص زندہ بچ سکا جبکہ باقی مسافر جھلس کر جاں بحق ہوگئے۔
یہ گروپ 9 نومبر کو حیدرآباد سے سعودی عرب روانہ ہوا تھا۔ بس میں سوار 20 خواتین اور 11 بچے عمرہ کی ادائیگی کے بعد مدینہ جا رہے تھے کہ حادثہ پیش آ گیا۔
تلنگانہ حکومت نے 16 حیدرآبادی شہریوں کی ہلاکت کی تصدیق کر دی
تلنگانہ کے آئی ٹی وزیر ڈی. سری دھر بابو نے تصدیق کی کہ حیدرآباد کے علاقے بازار گھاٹ (ملی پلے) سے تعلق رکھنے والے کم از کم 16 افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا ہے کہ ہلاک شدگان کی مکمل تفصیلات اکٹھی کی جا رہی ہیں۔
حیدرآباد میں اہلِ خانہ گھروں اور ٹریول ایجنسیوں کے دفاتر پر جمع ہو کر بیچینی سے سرکاری تصدیق کے منتظر ہیں۔ مقامی ٹریول ایجنسیاں سعودی حکام اور بھارتی سفارتخانے سے مسلسل رابطے میں ہیں۔
ال مینا ٹریول ایجنسی کے ایک نمائندے نے بتایا کہ 9 نومبر کو ان کے گروپ کے 20 افراد سعودی عرب گئے تھے جن میں سے 16 مدینہ واپس جا رہے تھے، اور اب ان کی حالت معلوم نہیں۔
جاں بحق ہونے والوں کے نام یہ ہیں
محمد منظور ( 50سال) ذہین بیگم (19) شوقت بیگم (57) فرحین بیگم (43) ذکیہ بیگم (47)مستن محمد (55)پروین بیگم (35)سہیل محمد (23)عبدل محمد (24)محمد مولانا (62)عبدل محمد (57)غوثیہ بیگم (46)شہناز بیگم (41)رحمت بی رحمت بی (80)رحیم انیسا (60)
ریسکیو کارروائیاں جاری — بھارتی حکام جائے حادثہ پر پہنچ گئے
سعودی سول ڈیفنس اور پولیس نے فوری طور پر جائے حادثہ پہنچ کر ریسکیو اور ریکوری شروع کی۔ بھارتی سفارتخانے کے اہلکار اور عمرہ آپریٹرز بھی شناخت اور تعاون کے لیے وہاں موجود ہیں۔
قونصل خانہ جده نے متاثرہ خاندانوں کے لیے 24/7 کنٹرول روم قائم کر دیا ہے۔
ہیلپ لائن: 8002440003
اضافی ایمرجنسی نمبرز بھی جاری کر دیے گئے ہیں۔
قونصل خانے کے عملے اور بھارتی کمیونٹی کے رضاکاروں کو ہسپتالوں اور دیگر مقامات پر تعینات کر دیا گیا ہے۔
بھارتی سفارتخانہ ریاض اور جده قونصل خانہ، سعودی وزارتِ حج و عمرہ اور مقامی حکام سے مسلسل رابطے میں ہیں۔
بھارتی رہنماؤں کا اظہار افسوس
وزیرِ خارجہ ایس. جے شنکر نے حادثے پر شدید افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ سفارتخانہ اور قونصل خانہ مکمل مدد فراہم کر رہے ہیں۔مرکزی وزیر کرن ریجیجو نے بھی دکھ کا اظہار کیا اور کہا کہ انتظامیہ مکمل معلومات جمع کر رہی ہے۔
حیدرآباد کے رکنِ پارلیمنٹ اسدالدین اویسی نے بتایا کہ انہوں نے ڈپٹی چیف آف مشن ابو میتھن جارج سے رابطہ کیا ہے اور حکومت جسموں کی واپسی اور زخمیوں کے علاج کے لیے اقدامات کرے۔
تلنگانہ حکومت کی ہنگامی کارروائی
تلنگانہ کے وزیرِ اعلیٰ اے. ریونت ریڈی نے اس سانحے پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے چیف سیکریٹری کے. رام کرشنا راؤ اور ڈی جی پی بی. شیو ریڈی کو ہدایت کی کہ متاثرین کی مکمل تفصیلات اکٹھی کی جائیں اور فوری طور پر وزارتِ خارجہ اور سعودی سفارتخانے سے رابطہ کیا جائے۔
تلنگانہ سیکریٹریٹ میں کنٹرول روم قائم
ہیلپ لائن نمبرز
79979 59754
99129 19545
ریزیڈنٹ کمشنر گورو اوپل کو دہلی میں ہدایت کی گئی ہے کہ وہ مرکزی حکام سے متاثرین کے ڈیٹا کی فراہمی میں رابطہ رکھیں۔
مزید اپ ڈیٹس میں بتایا گیا ہے کہ حادثے میں کم از کم 42 بھارتی زائرین جاں بحق ہوئے ہیں اور کئی لاشیں شدید جھلسنے کی وجہ سے شناخت سے باہر ہیں۔
بھارتی مشن نے کہا کہ قونصل خانہ کی ٹیمیں اور رضاکار ہسپتالوں میں موجود ہیں اور خاندانوں کی مدد، لاشوں کی ہندوستان واپسی اور زندہ بچ جانے والے افراد کی طبی دیکھ بھال کے لیے سعودی حکام کے ساتھ مکمل رابطے میں ہیں۔



