اردو انٹرنیشنل (اسپورٹس ویب ڈیسک) تفصیلات کے مطابق ایٹلیٹکو میڈرڈ نے 10 کھلاڑیوں کے ساتھ 65 منٹ تک کھیلتے ہوئے بائر لیورکوزن کے خلاف چیمپئنز لیگ میں ایک شاندار جیت حاصل کی۔ اٹلیٹیکو کی جانب سے، جولین الواریز نے دو گول کیے، جن میں 90ویں منٹ کا فاتح گول بھی شامل تھا، جس کی بدولت ایٹلیٹکو پوائنٹس ٹیبل میں تیسرے نمبر پر آ گیا۔
میچ کے 25ویں منٹ میں ایٹلیٹکو کے کھلاڑی پابلو بیریوس کو نورڈی موکیلی کو فاؤل کرنے کے الزام میں ریڈ کارڈ دکھایا گیا۔ اس کے بعد لیورکوزن نے پہلے ہاف کے اضافی وقت میں پیرو ہنکاپی کے گول کے ذریعے کھیل میں ابتدائی برتری حاصل کی۔
دوسرے ہاف میں، ایٹلیٹکو نے زبردست مزاحمت کی۔ الواریز نے 53ویں منٹ میں پہلا گول کر کے اسکور برابر کیا۔ بعدازاں، دونوں ٹیموں کے ایک ایک کھلاڑی کو ریڈ کارڈ دکھایا گیا، جس سے دونوں ٹیمیں 10-10 کھلاڑیوں کے ساتھ کھیلنے پر مجبور ہو گئیں۔ بلآخر، میچ کے اختتام پر، الواریز نے ایک ناقابل یقین گول کر کے ایٹلیٹکو کو فتح دلائی۔
ایٹلیٹکو میڈرڈ اب پوائنٹس ٹیبل میں تیسرے نمبر پر ہے، جب کہ لیورکوزن چھٹے نمبر پر ہے۔ دونوں ٹیمیں اب بھی چیمپئنز لیگ کے ٹاپ 8 میں جگہ بنانے اور آخری 16 مرحلے میں پہنچنے کے لیے پر امید ہیں۔