
Xi calls for China, Thailand to beef up ties to fight global uncertainties Photo-Reuters
اردو انٹرنیشنل چین کے صدر شی جن پنگ نے بیجنگ میں تھائی وزیر اعظم پیٹونگٹرن شیناواترا سے ملاقات کی۔ ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان تعلقات مزید مضبوط بنانے اور عالمی سطح پر پیدا ہونے والی غیر یقینی صورتحال سے مل کر نمٹنے پر بات چیت کی گئی۔
صدر شی نے ایک اہم ریلوے منصوبے کا ذکر کیا، جو بنکاک اور چین کے شہر کنمنگ کو جوڑے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ڈیجیٹل معیشت اور الیکٹرک گاڑیاں ایسے شعبے ہیں جن میں دونوں ممالک مل کر کام کر سکتے ہیں۔
چینی صدر کے مطابق، “چین اور تھائی لینڈ کو اسٹریٹجک اعتماد کو گہرا کرنا چاہیے اور ایک دوسرے کی حمایت کرنی چاہیے۔”
یہ ملاقات ایسے وقت میں ہوئی جب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے چینی درآمدات پر 10 فیصد نئے ٹیکس عائد کرنے کا اعلان کیا ہے۔
واضح رہے، تھائی وزیر اعظم پیٹونگٹرن 5 سے 8 فروری تک چین کے سرکاری دورے پر ہیں، جو ان کا اقتدار سنبھالنے کے بعد پہلا باضابطہ دورہ ہے۔ یہ دورہ، چین اور تھائی لینڈ کے سفارتی تعلقات کی 50ویں سالگرہ کے موقع پر کیا جا رہا ہے۔
آن لائن فراڈ اور سیکیورٹی کے مسائل دونوں ممالک کے لیے تشویش کا باعث بنے ہوئے ہیں۔ خاص طور پر ایک واقعہ میں، چینی اداکار وانگ ژنگ کو تھائی لینڈ میں اغوا کر کے میانمار کے ایک فراڈ نیٹ ورک میں لے جایا گیا تھا، جہاں سے بعد میں اسے بازیاب کر لیا گیا۔
تھائی حکومت سیاحت کے شعبے پر پڑنے والے منفی اثرات کے باعث چینی سیاحوں کے سیکیورٹی خدشات دور کرنے کی کوشش کر رہی ہے، کیونکہ تھائی لینڈ میں آنے والے سیاحوں میں سب سے زیادہ تعداد چینی سیاحوں کی ہوتی ہے۔
چینی صدر شی جن پنگ نے تھائی حکومت کی کوششوں کی تعریف کی کہ وہ آن لائن جوئے اور ٹیلی کام فراڈ کے خلاف کام کر رہی ہے اور کہا کہ دونوں ممالک کو قانون کے نفاذ، سیکیورٹی اور عدالتی تعاون کو مزید مضبوط کرنا چاہیے تاکہ عوام کی جان و مال کی حفاظت کو یقینی بنایا جا سکے۔