ٕپولینڈ نے ایگا سویٹیک اور ہیوبرٹ ہُرکاش، کے شاندار کھیل کی بدولت یونائیٹڈ کپ مکسڈ ٹیم ٹینس ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل میں قازقستان کو 2-0 سے شکست دے کر مسلسل دوسرے سال فائنل میں جگہ حاصل کر لی۔
عالمی نمبر دو ایگا سویٹیک نے ایلینا رائباکینا کے خلاف 7-6(5)، 6-4 سے فتح حاصل کی۔ یہ ایک سخت اور دلچسپ میچ تھا جو دو گھنٹے سے زائد وقت تک جاری رہا۔ سویٹیک نے اعتراف کیا کہ ابتدا میں ان کا کھیل تسلی بخش نہیں تھا لیکن وہ آخری وقت پر اپنی حکمت عملی بدل کر میچ جیتنے میں کامیاب ہوئیں۔
انہوں نے کہا:
“یہ پہلا موقع تھا جب میں ایلینا کو تیز رفتار کورٹ پر شکست دینے میں کامیاب ہوئی۔ یہ میرے لیے بہت معنی رکھتا ہے۔ مجھے میچ کے دوران اپنی رفتار کو تبدیل کرنا پڑا اور میں خوش ہوں کہ میں یہ کرنے میں کامیاب رہی۔”
سویٹیک سے قبل ہیوبرٹ ہُرکاش نے الیگزینڈر شیوچینکو کو ایک گھنٹے سے بھی کم وقت میں 6-3، 6-2 سے شکست دی۔ ہرکاز نے کوارٹر فائنل میں برطانوی کھلاڑی کو شکست دے کر اپنی فارم بحال کی تھی اور اب سیمی فائنل میں بھی شاندار کارکردگی دکھائی۔ انہوں نے کہا: “گزشتہ میچ نے میرا اعتماد بحال کیا اور میں ہر میچ کے ساتھ بہتر کھیل رہا ہوں ۔”
پولینڈ کا اب فائنل میں اتوار کو امریکہ یا جمہوریہ چیک سے مقابلہ ہوگا۔ یہ دونوں ٹیمیں دوسرے سیمی فائنل میں آمنے سامنے ہوں گی۔
یونائیٹڈ کپ ایک 18 ٹیموں پر مشتمل ٹورنامنٹ ہے جو آسٹریلین اوپن کے لیے کھلاڑیوں کی تیاری کا ایک اہم ایونٹ سمجھا جاتا ہے۔ آسٹریلین اوپن 12 سے 26 جنوری تک کھیلا جائے گا۔