اردو انٹرنیشنل (مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف ورلڈ لیڈرز کلائمیٹ ایکشن سمٹ میں شرکت کے لیے ریاض سے آذربائیجان کے دارالحکومت باکو پہنچ گئے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق شہباز شریف کل 13 نومبر کو کانفرنس سے خطاب کریں گے، شہباز شریف عالمی رہنماؤں سے دو طرفہ ملاقاتیں بھی کریں گے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور دیگر اعلیٰ حکام بھی وزیراعظم کے ہمراہ ہیں۔
کوپ 29 کے دوران پاکستانی میزبانی میں کئی اعلی سطح تقریبات اور گول میز مباحثے ہوں گے، وزیراعظم آذربائیجان کے عشائیہ میں بھی شرکت کریں گے۔
ترجمان کے مطابق اس دوران پاکستان تاریخی ذمہ داری مساوات اور متفرق ذمہ داری کے اصول اجاگر کرے گا۔
واضح رہے کہ ورلڈ لیڈرز کلائمیٹ ایکشن سمٹ میں شرکت کے لئے پاکستان کا وفد پہلے سے ہی باکو میں موجود ہے جس کی قیادت وزیراعظم کی کوارڈینیٹر برائے کلائمیٹ چینج رومینہ خورشید عالم کر رہی ہیں.