پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 4 روپے فی لیٹر تک اضافے کا امکان
اردو انٹرنیشنل (مانیٹرنگ ڈیسک) پیٹرولیم مصنوعات کی بین الاقوامی قیمتوں، درآمدی پریمیم اور شرح مبادلہ میں معمولی ردوبدل کی وجہ سے پیٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمتوں میں آج جمعرات (29 فروری) کو ایک روپے سے 4 روپے فی لیٹر تک اضافے کا امکان ہے۔
واضح رہے کہ 15 فروری کو نگران حکومت نے پیٹرول کی قیمت میں 2 روپے 73 پیسے فی لیٹر کا اضافہ کیا تھا جس کے بعد پیٹرول کی نئی فی لیٹر قیمت 275 روپے 73 پیسے مقرر کر دی گئی، اسی طرح ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں بھی 8 روپے 37 پیسے فی لیٹر کا اضافہ کیا گیا تھا جس کے بعد ہائی اسپیڈ ڈیزل کی نئی قیمت 287 روپے 33 پیسے ہو گئی۔
ذرائع نے بتایا کہ پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں گزشتہ 15 روز کے دوران عالمی منڈی میں (10 سے 50 سینٹ فی بیرل) بڑھیں اور پاکستان اسٹیٹ آئل (پی ایس او) کو پیٹرول پر زیادہ درآمدی پریمیم ادا کرنا پڑا۔
نتیجتاً حتمی شرح مبادلہ کے حساب سے پیٹرول کی قیمت 3 سے 4 روپے فی لیٹر بڑھنے جبکہ ڈیزل کی قیمت ایک روپے سے ڈیڑھ روپے تک بڑھنے کا امکان ہے، 28 فروری کو روپے کے مقابلے میں ڈالر تقریباً 15 پیسے سستا ہوا، مٹی کے تیل اور لائٹ ڈیزل آئل کی قیمتیں مستحکم رہنے کا امکان ہے۔
حکام نے بتایا کہ گزشتہ 2 ہفتوں کے دوران پیٹرول کی قیمت تقریباً 0.5 ڈالر فی بیرل بڑھ کر 90.78 ڈالر فی بیرل ہو گئی ہے جوکہ 89.20 ڈالر فی بیرل تھی جبکہ ڈیزل کی قیمت تقریباً 8 سینٹ فی بیرل کم ہو کر 101.13 ڈالر سے 101.05 ڈالر پر آگئی۔