دی ہنڈریڈ ڈرافٹ2024 : بابر اعظم اور محمد رضوان کو کوئی خریدار نہ ملا
اردو انٹرنیشنل(اسپورٹس ڈیسک) تفصیلات کے مطابق پاکستان کے سابق کپتان بابر اعظم، اور وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان، دی ہنڈریڈ 2024 کے پلیئر ڈرافٹ میں فروخت نہیں ہوئے۔
ڈرافٹ میں 32 مردوں کے کرکٹرز کو آٹھ ٹیموں میں منتخب کیا گیا جس میں ملکی اور بین الاقوامی کھلاڑی شامل ہیں۔
بابر، اور رضوان، نے پاکستان کے ٹی ٹوئنٹی کپتان شاہین آفریدی، کے ساتھ آخری لمحات میں ڈرافٹ کے لیے اندراج کرایا تھا۔
دریں اثنا، شاہین کو ویلس فائر نے £100,000 میں دوبارہ منتخب کیا ہے انہوں نے گزشتہ سال بھی فرنچائز کی نمائندگی کی تھی۔
ریٹائرڈ آل راؤنڈر عماد وسیم، بھی 100,000 پاؤنڈ میں ٹرینٹ راکٹس میں واپس آئے اور تیز گیند باز نسیم شاہ کو برمنگھم فینکس نے £125,000 میں منتخب کیا۔
پاکستان کے دیگر قابل ذکر ستارے شاداب خان، افتخار احمد، حسن علی، اور محمد عامر ،کو کسی بھی فرنچائز نے منتخب نہیں کیا۔
بڑے بین الاقوامی ناموں میں، جیسن رائے، ڈیوڈ وارنر، ٹم ڈیوڈ، اور شکیب الحسن کا انتخاب بھی نہیں کیا گیا۔
ڈرافٹ میں ویسٹ انڈیز کے کھلاڑیوں کی زیادہ مانگ تھی۔ ناردرن سپر چارجرز نے نکولس پوران کو ڈرافٹ پر پہلے دستخط کے طور پر منتخب کیا۔ آندرے رسل اور شمرون ہیٹمائر لندن اسپرٹ کے لیے کھیلیں گے، کیرون پولارڈ نے سدرن بریو میں شمولیت اختیار کی ہے اور روومین پاول ٹرینٹ راکٹس میں ٹاپ پک تھے۔
خواتین کے ڈرافٹ میں پاکستان کی کسی کھلاڑی کو نہیں لیا گیا۔
یاد رہے، اس ماہ کے شروع میں، 64 پاکستانی کرکٹرز، 59 مرد اور پانچ خواتین، 2024 دی ہنڈریڈ ڈرافٹ کے لیے رجسٹرڈ ہوئے۔
پاکستان کے دو باؤلرز حارث رؤف (ویلش فائر) اور اسامہ میر (مانچسٹر اوریجنلز) کو ڈرافٹ سے پہلے برقرار رکھا گیا۔
واضح رہے کہ دی ہنڈریڈ کا چوتھا ایڈیشن 23 جولائی سے شروع ہونے والا ہے۔