چینی وزیر اعظم ایس سی اواجلاس میں شرکت کے لئے آج پاکستان پہنچیں گے

0
69

چینی وزیر اعظم ایس سی اواجلاس میں شرکت کے لئے آج پاکستان پہنچیں گے

اردو انٹرنیشنل (مانیٹرنگ ڈیسک) چینی وزیراعظم لی کیانگ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے چار روزہ دورے پر آج پہنچیں گے جہاں وہ شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے سربراہی اجلاس کے موقع پر پاکستان کے ساتھ باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر تبادلہ خیال کریں گے۔

وزارت خارجہ کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا کہ چینی وزیراعظم، وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف کی دعوت پر پاکستان کا دورہ کر رہے ہیں اور 14 سے 17 اکتوبر تک یہاں قیام کریں گے۔

دفتر خارجہ نے مزید کہا کہ چینی وزیر اعظم کے ساتھ وزرا اور اعلیٰ حکام بھی ہوں گے جن میں وزارت خارجہ اور تجارت، قومی ترقی اور اصلاحات کمیشن اور چائنا انٹرنیشنل ڈویلپمنٹ کوآپریشن ایجنسی شامل ہیں۔

وزیر اعظم شہباز شریف اور چینی وزیر اعظم لی کیانگ اپنے اپنے وفود کی قیادت کریں گے جس میں پاک چین تعلقات کے تمام پہلوؤں بشمول اقتصادی اور تجارتی تعلقات اور چائنہ پاکستان اکنامک کوآپریشن (CPEC) کے تحت تعاون پر جامع بات چیت کی جائے گی۔ دونوں فریق علاقائی اور عالمی پیش رفت پر بھی بات کریں گے۔

چینی وزیراعظم صدر آصف علی زرداری سے ملاقات کریں گے اور پارلیمانی رہنماؤں اور پاکستان کی اعلیٰ عسکری قیادت سے ملاقاتیں کریں گے۔ وہ اسلام آباد میں شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس میں بھی شرکت کریں گے۔

دفتر خارجہ نے کہا کہ چینی وزیراعظم کا دورہ اسلام آباد اس بات کا اظہار ہے کہ پاکستان اور چین اپنی “ہر موسم کی تزویراتی تعاون پر مبنی شراکت داری” کو اہمیت دیتے ہیں۔

دفتر خارجہ نے کہا کہ یہ دونوں فریقوں کے لیے ایک موقع ہو گا کہ وہ بنیادی دلچسپی کے امور پر باہمی تعاون کی توثیق کریں ، سی پیک کی کی ترقی کو آگے بڑھائیں اور اہم علاقائی اور عالمی پیش رفت پر باقاعدہ تبادلوں کو تقویت دیں۔

اسلام آباد 15 اور 16 اکتوبر کو بڑے غیر ملکی رہنماؤں کے ساتھ ایس سی او کونسل آف ہیڈز آف گورنمنٹ کے اجلاس کی میزبانی کرنے والا ہے۔

دفتر خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرہ بلوچ کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف موجودہ چیئر کے طور پر سی ایچ جی اجلاس کی صدارت کریں گے۔

چینی وزیر اعظم کے علاوہ روس، بیلاروس، قازقستان، کرغزستان، تاجکستان اور ازبکستان کے وزرائے اعظم کے ساتھ ساتھ ایران کے پہلے نائب صدر اور ہندوستان کے وزیر خارجہ ایس سی او کے اپنے اپنے رکن ممالک کی نمائندگی کے لیے پاکستان کا دورہ کریں گے۔