اردو انٹرنیشنل (اسپورٹس ڈیسک) تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے تصدیق کی ہے کہ سلیکشن کمیٹی نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2024 سے قبل کرکٹ ٹیم کا نائب کپتان مقرر نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
کرکٹ بورڈ کا یہ بیان سامنے آنے کے بعد سامنے آیا ہے کہ شاہین آفریدی نائب کپتان کا عہدہ سنبھالنے میں دلچسپی نہیں رکھتے۔
جمعہ کی سلیکشن کمیٹی کے اجلاس کے دوران نائب کپتانی پر بات چیت ہوئی تاہم کسی کو تعینات نہ کرنے کا متفقہ فیصلہ کیا گیا پی سی بی کے بیان میں کہا گیا کہ اس طرح کسی کو کوئی پیشکش نہیں کی گئی۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ ٹیم سائیڈ مکمل طور پر متحد، پرعزم ہے اور برطانیہ میں ہونے والے آئندہ میچوں اور آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2024 کے لیے بے صبری سے منتظر ہے۔
اس سے قبل متعدد ذرائع نے دعویٰ کیا تھا کہ سلیکٹرز نے شاہین سے یہ پوچھا تھا کہ کیا وہ نائب کپتان کے کردار میں دلچسپی رکھتے ہیں تاہم آفریدی کی جانب سے عدم دلچسپی کے اظہار کے بعد بات چیت آگے نہیں بڑھ سکی۔
واضح رہے کہ پاکستان نے یکم جون سے امریکا اور ویسٹ انڈیز میں شروع ہونے والے ورلڈ کپ کے لیے اپنی ٹیم کا اعلان کیا تھا۔
پاکستان ایونٹ کے گروپ اے میں بھارت، آئرلینڈ، کینیڈا اور امریکہ کے ساتھ ہے۔
پاکستان اسکواڈ
بابر اعظم، صائم ایوب، محمد رضوان، اعظم خان، شاداب خان، فخر زمان، عثمان خان، افتخار احمد، عماد وسیم، ابرار احمد، محمد عباس آفریدی، محمد عامر، نسیم شاہ، شاہین شاہ آفریدی، حارث رؤف۔