“سٹریٹجک ڈائیلاگ”، کے لئے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار چین پہنچ گئے
اردو انٹرنیشنل (مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان کے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار چین کے وزیر خارجہ وانگ یی کے ساتھ ’سٹریٹجک ڈائیلاگ‘ اجلاس کی مشترکہ صدارت کے لیے چین پہنچ چکے ہیں۔
پاکستان کے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار چین کے وزیر خارجہ وانگ یی کے ساتھ ’سٹریٹجک ڈائیلاگ‘ اجلاس کی مشترکہ صدارت کے لیے چین پہنچ چکے ہیں۔
ریڈیو پاکستان کے مطابق ان کے اس دورے کے دوران دونوں ممالک اقتصادی اور تجارتی تعاون سمیت پاک چین دوطرفہ تعلقات کا جامع جائزہ لیں گے جن میں اعلی سطح کے تبادلے اور دورے، پاک چین اقتصادی راہداری کی اپ گریڈیشن اور مستقبل میں رابطے کے اقدامات شامل ہوں گے۔
سرکاری خبر رساں ادارے اے پی پی کے مطابق اسحاق ڈار چینی کمیونسٹ پارٹی کی سینٹرل کمیٹی کے پولیٹیکل بیورو کے رکن اور وزیر خارجہ وانگ یی کی دعوت پر 13 سے 16 مئی تک چینی دارالحکومت کا دورہ کر رہے ہیں۔
یہ نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار کا عہدہ سنبھالنے کے بعد چین کا پہلا سرکاری دورہ ہے۔ یہ دورہ چینی اور پاکستانی وزارت خارجہ کے درمیان ادارہ جاتی بات چیت کا بھی ایک اہم حصہ ہے۔
اے پی پی کے مطابق اسحاق ڈار علاقائی اور جغرافیائی منظر نامے اور کثیر الجہتی سطح پر دوطرفہ تعاون پر بھی تبادلہ خیال کریں گے۔
پاکستان کے ساتھ موجودہ تعلقات اور چین کے دورے کی توقعات پر تبصرہ کرتے ہوئے چینی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ ’چین اس دورے کو رہنماؤں کے درمیان اہم مشترکہ مفاہمت کی تکمیل، روایتی دوستی کو آگے بڑھانے، سٹریٹجک مواصلات اور کوآرڈینیشن کو بڑھانے کے موقع کے طور پر دیکھتا ہے اور پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرنا چاہتا ہے۔‘