اردو انٹرنیشنل اسپورٹس ویب ڈیسک تفصیلات کے مطابق پاکستان کا ایک اور ایتھلیٹ پیرس اولمپکس میں اپنے ایونٹ کے پہلے ہی راؤنڈ سے باہر ہوگیا ہے، 25 میٹر ریپڈ پسٹل کے مقابلوں شریک، ورلڈ چیمپئن شپ کے برانز میڈلسٹ شوٹر، جی ایم بشیر کوالیفیکشن راؤنڈ میں ٹاپ چھ میں جگہ بنانے میں ناکام رہے۔
پیرس اولمپکس میں اتوار کو شوٹنگ کے 25 میٹر ریپڈ فائر کوالیفیکشن کے دو مراحل ہوئے جس میں جی ایم بشیر نے مجموعی طور پر 581 پوائنٹس حاصل کئے اور میڈل راؤنڈ میں جگہ بنانے والے ٹاپ چھ شوٹرز کی فہرست میں جگہ بنانے میں ناکام رہے ۔
پہلے مرحلے میں انہوں نے292 پوائنٹس حاصل کئے جہاں 8 سیکنڈز کی پہلی سیریز میں 98 پوائنٹس حاصل کئے جبکہ چھ سیکنڈز والی دوسری سیریز میں انہوں نے 99 پوائنٹس لئے، چار سیکنڈز کی سیریز میں جی ایم بشیر 95 پوائنٹس حاصل کیے ۔
دوسرے مرحلے میں جی ایم بشیر اپنی صلاحیتوں کا بہترین استعمال کرنے میں ناکام رہے اور یوں جی ایم بشیر کا اولمپک سفر بھی ختم ہوا ۔
پیرس اولمپکس کے لیے جانے والے سات میں سے چھ پاکستانی ایتھلیٹس کا سفر اولمپکس میں تمام ہوچکا ہے اور اب پاکستان کی تمام تر اُمیدیں ارشد ندیم سے ہیں جو 6 اگست کو اپنے ایونٹ کے ابتدائی راؤنڈ میں اور فائنل میں کوالیفائی کرنے کی صورت میں 8 اگست کو ایکشن میں ہوں گے ۔