
Shahzeb Khan's unbeaten century, Pakistan U-19 beat UAE by 10 wickets-PCB
اردوانٹرنیشنل (اسپورٹس ڈیسک) تفصیلات کے مطابق دبئی کی آئی سی سی اکیڈمی میں بدھ کو انڈر 19 سہ فریقی سیریز کے افتتاحی میچ میں شاہ زیب خان اور عثمان خان کے درمیان ابتدائی وکٹ کے لیے 193 رنز کی ناقابل شکست شراکت کی بدولت پاکستان نے یو اے ای کو 10 وکٹ سے شکست دے دی۔
جیت کے لیے 192 رنز کے تعاقب میں پاکستان کے دونوں اوپننگ بلے باز شاہ زیب اور عثمان نے گراؤنڈ کے تمام حصوں پر شاٹس کھیلے اور ہدف 43ویں اوور میں حاصل کر لیا۔
شاہ زیب خان نے 133 گیندوں پر 109 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی جس میں 10 چوکے اور2 چھکے شامل تھے ان کے ساتھی ، عثمان 122 گیندوں پر 77 رنز پر ناقابل شکست واپس آئے اور3 چوکے لگائے۔
اس سے قبل، یو اے ای کی ٹیم 50ویں اوور میں 191 رنز پر ڈھیر ہو گئی جس میں ادیش سوری نے 63 گیندوں پر 40 رنز بنائے، جس میں 2 چوکے شامل تھے۔
پاکستان کی جانب سے عبدالسبحان سب سے کامیاب باولر رہے جنہوں نے 10 اوورز میں 42 رنز دے کر2 وکٹ حاصل کیں.
پاکستان اب جمعہ 15 نومبر کو انڈر 19 سہ فریقی سیریز کے دوسرے میچ میں افغانستان کا مقابلہ کرے گا۔