ایس سی او اجلاس کا کامیابی سے انعقاد کیا گیا، اسحٰق ڈار
اردو انٹرنیشنل (مانیٹرنگ ڈیسک) نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحٰق ڈار نے کہا ہے کہ شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) اجلاس کا کامیابی سے انعقاد کیا گیا۔
اسلام آباد میں سیکریٹری جنرل ایس سی او کے ہمراہ مشرکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایس سی او اجلاس میں اہم فیصلے کیے گئے، 23 ویں ایس سی او سربراہی اجلاس کا انعقاد پاکستان کے لیے بڑا اعزاز ہے۔
انہوں نے کہا کہ وہ تمام برادرانہ ممالک کے شکر گزار ہیں جنہوں نے اس اجلاس میں شرکت کی، ہم ان ممالک کے اجلاس میں مثبت کردار ادا کرنے کو سراہتے ہیں۔
اسحٰق ڈار نے کہا کہ گزشتہ ایک سال کے دوران پاکستان نے اجلاس کے صدر کے طور پر علاقائی تعاون کو فروغ دینے، ماحولیاتی تحفظ، غربت کے خاتمے، نوجوانوں کو بااختیار بنانے جیسے اقدامات کیے۔
نائب وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان نے تمام رکن ممالک کے ساتھ تعاون کرتے ہوئے علاقائی ترقی میں پائیدار کردار ادا کرنے کے لیے فعال کردار ادا کیا جس کے نتیجے میں ایس ای او کے متعلقہ فورمز نے تعاون کے نئے شعبوں پر کام کرنے کے لیے اتفاق کیا ہے۔
ان کا کہنا تھا ان شعبوں میں معاشی ترقی کے لیے اور معیشت کے فروغ کے لیے فریم ورک طے کرنے کے حوالے سے نئے شعبوں کا قیام عمل میں لانا ہے، تمام سربراہان مملکت نے اجلاس میں شنگھائی اسپرٹ کے جذبے کا اعادہ کیا ہے۔
اسحٰق ڈار نے کہا کہ اسی چیز کو مد نظر رکھتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے آج اپنے بیان میں واضح طور پر پاکستان کی جانب سے ایس سی او کے چارٹر میں درج مقاصد کو حاصل کرنے کا اعادہ کیا۔
وزیرخارجہ نے کہا کہ اجلاس کے مشترکہ اعلامیے پر سربراہان نے دستخط کیے ہیں جس میں سربراہان نے گرین ڈویلپمنٹ، ڈیجیٹل اکانومی، تجارت، سرمایہ کاری، ٹیکنالوجی کے شعبوں میں رکن ممالک کے استعداد کار بڑھانے پر زور دیا ہے۔
انہوں نے کہا ایس او اجلاس میں آج ہونے والے فیصلوں میں 2025 کے اجلاس کے لیے بجٹ اور دو مستقل باڈیز ایس سی او سیکٹیریٹ اور ریجنل اینٹی ٹیررازم اسٹرکچر کے لیے انسانی وسائل فراہم کرنے کی منظوری بھی دی گئی ہے۔
اسحٰق ڈار نے کہا کہ آج کے اجلاس میں ایس سی او ممالک کے درمیان باہمی عزت و احترام سے بہتر اور پائیدار مستقبل کے لیے ساتھ چلنے کے عزم کا بھی اعادہ کیا گیا ہے۔
اس موقع پر سیکریٹری جنرل ایس سی او جانگ منگ نے اجلاس کی شاندار کامیابی پر پاکستان کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ایس سی او کا متحرک اور اہم رکن ہے۔
جانگ منگ کا کہنا تھا کہ اجلاس میں ترجیحی موضوعات پر کارآمد گفتگو ہوئی ہے، ایس سی او اجلاس میں معیشت کے نئے ڈائیلاگ کے تصور کو اپنایاگیا ہے۔
سیکریٹری جنرل ایس سی او نے کہا کہ تجارت کے لیے مقامی کرنسی اور پروجیکٹ فنانسنگ پرغور کیاگیا ہے، اجلاس میں ایس سی او کو جدید بنانے پر تبادلہ خیال ہوا ہے،
انہوں نے مزید کہا کہ آستانہ سمٹ میں لیےگئے فیصلوں پر بھی موجودہ اجلاس میں غور کیاگیا ہے، پاکستان نے ایس سی او کے کامیاب انعقاد کے لیے شاندار اقدامات کیے ہیں۔