Saudi-Pakistani defense alliance in action Air defense systems and military units deployed
اردو انٹرنیشنل (مانیٹرنگ ڈیسک)سی این این نیوز 18 کی خبر کے مطابق پاکستان نے مشرقِ وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی اور موجودہ جنگی صورتحال کے پیش نظر سعودی عرب میں اپنے فضائی دفاعی نظام، فوجی دستے اور عسکری سازوسامان تعینات کر دیے ہیں۔ یہ اقدام پاکستان-سعودی عرب کے باہمی دفاعی معاہدے کے تحت اٹھایا گیا، جس کے تحت دونوں ممالک نے فیصلہ کیا ہے کہ کسی ایک ملک کے خلاف حملہ دونوں کے خلاف تصور کیا جائے گا۔
سینئر سیکورٹی ذرائع کے مطابق پاکستانی فضائی دفاعی کور نے ایل واۓ-80، ایف ایم 90 اور انزا سیریز کے درمیانے اور قریبی فاصلے کے میزائل نظام سعودی عرب بھیجے ہیں۔ یہ نظام اب سعودی دفاعی نیٹ ورک کا حصہ بن چکے ہیں اور سعودی فورسز کے ساتھ مشترکہ طور پر کام کر رہے ہیں۔ پاکستانی یونٹس سعودی فضائی حدود کے دفاعی ڈھانچے کو مستحکم بنانے میں مدد فراہم کریں گے اور یہ پاکستان کی کمان کے ماتحت رہیں گے۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ پاکستانی افواج کے ساتھ تربیت یافتہ فوجی عملہ، ٹروپس اور دیگر ضروری عسکری سازوسامان بھی منتقل کیا جا رہا ہے، جن میں پاکستان آرمی، پاک فضائیہ اور نیوی کے جوان شامل ہیں۔ یہ تعیناتیاں تجربہ کار فوجی قیادت کی نگرانی میں کی جا رہی ہیں جو خطے کے سیکیورٹی چیلنجز کے پیش نظر مشترکہ حکمت عملی تیار کر رہی ہے۔
پاکستانی وزیراعظم محمد شہباز شریف نے سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے رابطہ کیا اور خطے کی کشیدگی کے حوالے سے اسلام آباد کی مکمل حمایت اور بھائی چارے کی یقین دہانی کرائی۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان سعودی عرب اور خلیجی ممالک کے ساتھ مضبوط دفاعی شراکت داری پر قائم ہے اور ہر ممکن تعاون کے لیے تیار ہے۔





